معروف پاکستانی شخصیات کے کردار ادا کرنا اچھا لگتا ہے اوم پوری

پہلے جنرل ضیاء الحق اوراب جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کردارادا کررہا ہوں، اوم پوری


Qaiser Iftikhar April 05, 2014
اپریل میں پاکستان آنا چاہتے تھے اب مئی میں اسلام آباد پہنچیں گے ، ایکسپریس سے گفتگو فوٹو : فائل

ورسٹائل اداکار اوم پوری نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان کی معروف شخصیات کے کردارادا کرنا بے حد اچھا لگتا ہے۔

بطورفنکاریہ خاصا چیلنجنگ کام ہے لیکن میں نے ہمیشہ چیلنج قبول کیے ہیں اوراپنی کڑی محنت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ پہلے جنرل ضیاء الحق اوراب جنرل اشفاق پرویزکیانی کا کردار ادا کررہا ہوں جو دیکھنے والوں کوپسند آئے گا۔ ممبئی سے فون پرگفتگوکرتے ہوئے اوم پوری نے ''ایکسپریس'' کوبتایا کہ اداکاری میں کسی کوکاپی کرنا پسند نہیں کرتا لیکن جب کسی اہم شخصیت کے کردار کونبھانے کی ذمے داری آن پڑے تویہ ضروری ہوجاتا ہے کہ اس شخصیت کاانداز گفتگو، لباس اورہیئراسٹائل اپنایا جائے۔ جس طرح میں نے جنرل ضیاء الحق کے کردارکواپنانے کے لیے ان کی زندگی کے بارے میں جاننے کے لیے کچھ پرانی فوٹیج دیکھیں اوراب میں نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کے حوالے سے بھی کچھ فوٹیج دیکھیں ہیں۔ وہ کس طرح بات کرتے تھے، کس طرح چلتے تھے اوران کا ہیئراسٹائل کیسا تھا۔ یہ سب چیزیں دیکھنے کے بعد ہی میں نے اپنا کام عکس بند کروایا ہے۔

ملالہ یوسفزئی کی زندگی پربننے والی فلم کاایک اسپیل میں نے بھارتی گجرات میں عکس بند کروا دیا ہے جب کہ دوسرے اسپیل کے لیے جلد ہی شیڈول ترتیب دیاجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں اوم پوری نے بتایاکہ میں نے بھارتی فلموں کے علاوہ برطانوی اورخاص طورپرہالی ووڈ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہردکھائے ہیں۔ اس لیے مجھے جب بھی پاکستان کی معروف شخصیات کے حوالے سے کوئی کردارآفرکیا جاتا ہے تومیں اسے فوری قبول کرتا ہوں۔ مجھے ایسے چیلنجنگ کردار کرنا اچھا لگتا ہے۔ جہاں تک بات جنرل ضیاء الحق اورجنرل اشفاق پرویز کیانی کے کرداروں کے لیے میرے انتخاب کی ہے تویہ ڈائریکٹر کا انتخاب ہوتا ہے۔ اگرڈائریکٹرسمجھتے ہیں کہ میں اس کام کودوسروںسے بہترکرسکتاہوں توشاید اسی لیے انھوں نے میرا انتخاب کیا ہوگا۔ انھوں نے پاکستان آنے کے حوالے سے بتایاکہ پہلے ہم اپریل میں پاکستان آنا چاہتے تھے لیکن اب مئی میں اسلام آباد جائیں گے۔