بیشتر اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ

خام تیل کے ریٹ میں1.32 ڈالرفی بیرل تک کمی،چینی کے دام21 ڈالرفی ٹن نیچے


AFP April 06, 2014
خام تیل کے ریٹ میں1.32 ڈالرفی بیرل تک کمی،چینی کے دام21 ڈالرفی ٹن نیچے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: چلی میں زلزلے اور لیبیا سے خام تیل کی سپلائی بحال ہونے کی امید نے گزشتہ ہفتے بین الاقوامی مارکیٹس پر اپنے اثرات مرتب کیے جس کے نتیجے میں تانبے کی قیمت میں تیزی سے اضافہ اور خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی۔

گزشتہ ہفتے چلی میں 8.2 شدت کے زلزلے کے باعث سپلائی کے حوالے سے تحفظات کے نتیجے میں تانبے اور کلئی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، لندن میٹل ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران تانبے کی قیمت6ہزار635 ڈالر سے بڑھ کر 6ہزار700 ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ ایلومینیم کے نرخ 92 ڈالر کے اضافے سے 1846 ڈالر فی ٹن ہوگئے، لیڈ کی قیمت میں کمی ہوئی اور اس دھات کی قیمت 2079 ڈالر سے گھٹ کر 2070 ڈالر فی ٹن رہ گئی تاہم ٹین کے نرخ 324 ڈالر بڑھ کر23ہزار208 ڈالر فی ٹن ہوگئے، کلئی کی قیمت 15ہزار850 ڈالر سے بلند ہو کر 16ہزار 545 ڈالر فی ٹن پر جاپہنچی جبکہ جست کی قیمت 22 ڈالر کے اضافے سے 16ہزار545 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔

ایک ہفتے میں خام تیل کی قیمتوں میں 1.32 ڈالر فی بیرل تک کمی ریکارڈ کی گئی، لندن انٹرکانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی قیمت 108.04 ڈالر سے گھٹ کر 106.72 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں لائٹ سوئٹ کروڈ کے دام 101.67 ڈالر سے گھٹ کر 101.14 ڈالر فی بیرل رہ گئے۔ لندن بلین مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کاروبار کے اختتام پر سونے کی قیمت 1294ڈالر سے بڑھ کر 1303 ڈالر فی اونس جبکہ چاندی کی 19.71ڈالر سے بڑھ کر 19.93 ڈالر فی اونس ہوگئی، پلاٹینم کی قیمت 1401 سے بڑھ کر1444 ڈالر اور پلاڈیم کی771سے بڑھ کر789 ڈالر فی اونس ہوگئی،چینی کی عالمی قیمت 21 ڈالر گھٹ کر460 ڈالر فی ٹن رہ گئی۔