کراچی؛ تیز رفتاری کے باعث گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گئی، ڈرائیور جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  پير 23 جنوری 2023
فوٹو : ایکسپریس نیوز

فوٹو : ایکسپریس نیوز

  کراچی: کلفٹن میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی جس کے باعث ڈرائیور جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور چھیپا کے رضاکاروں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو کار سے نکال کر جناح اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 35سالہ شہباز ولد مودو میاں کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں 22 سالہ صالحہٰ دختر ابوبکر صدیق، 18 سالہ زلیخا دختر ابوبکر، 15 سالہ بشیر ولد ابوبکر صدیق، 6 سالہ حمیرا دختر خالد اور فیصل شامل ہیں۔

زخمی ہونے والے شخص فیصل نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا اس کا بڑا بھائی تھا جبکہ دیگر زخمی ہونے والے اس کے قریبی رشتے دار اور مچھر کالونی یونین کونسل نمبر چھ بنگالی پاڑہ کے رہائشی ہیں، جاں بحق ہونے والا شہباز چار بچوں کا باپ تھا اور ڈی جے کا کام کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ شہباز اپنے دوست کی کار لے کر آیا تھا اور اپنی اہلیہ اور ہم سب کو گھمانے کے لیے سی وی لے گیا تھا، سی ویو سے واپس گھر کی طرف جا رہے تھے کہ بلاول چورنگی پر ایک تیز رفتار کار ان کے سامنے سے مڑی جس پر شہباز نے اچانک بریک لگائی جس سے کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور الٹ گئی، شبہاز کا سر اسٹیرنگ سے ٹکرایا اور موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی اہلیہ صالحہٰ جو اگلی سیٹ پر بیٹھی ہوئی تھی اس کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والا فیصل مختلف لوگوں کو مختلف بیان دے رہا ہے، کسی کو کہتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے حادثہ ہوا اور کسی کو کہتا ہے کہ کار کو بچاتے ہوئے ہوا جبکہ موقع پر دوسری کوئی کار نہیں ملی۔

پولیس کے مطابق کار کی رفتار اتنی زیادہ تھی کہ فٹ پاتھ پر لگے پول زمین سے اکھڑ گئے جس سے لگتا ہے کہ حادثے کی وجہ تیز رفتاری تھی تاہم موقع پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج دیکھ کر صحیح پتہ چل سکے گا، متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔