ہفتہ رفتہ؛ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس کی 40000 پوائنٹس کی سطح بحال

احتشام مفتی  اتوار 29 جنوری 2023
ابتدائی ایک سیشن میں مندی رہی (فوٹو فائل)

ابتدائی ایک سیشن میں مندی رہی (فوٹو فائل)

کراچی: ہفتہ وار کاروبار میں انڈیکس کی 40000 پوائنٹس کی سطح بحال ہو گئی۔

ڈالر کو آزاد کرنے سمیت آئی ایم ایف کے قرض پروگرام بحالی سے متعلقہ دیگر شرائط پر عمل درآمد کے آغاز اور شرح سود 27 سال کی بلند سطح پر پہنچنے کے باوجود گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی رہی۔

قرض پروگرام کی ممکنہ بحالی سے مقامی وغیرملکیوں کی دلچسپی بڑھی،مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ غیرملکیوں نے بھی آئل گیس ریفائنری میں ترجیحی سرمایہ کاری کی جس سے بیشتر سیشنز میں مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا، منی بجٹ کے متوقع اعلان سے بعض شعبے بلحاظ قیمت متاثر بھی ہوئیں۔

ہفتہ وار کاروبار میں انڈیکس کی 40000 پوائنٹس کی سطح بحال ہو گئی، ابتدائی ایک سیشن میں مندی اور باقی 4 سیشنز میں تیزی رہی، ہفتے وسط میں 1061 پوائنٹس کی بڑی نوعیت کی تیزی بھی ہوئی۔

مجموعی طور پر تیزی کے سبب حصص کی مالیت 2کھرب 17ارب 60کروڑ 90لاکھ 87ہزار 167 روپے بڑھگئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 63کھرب 51ارب 69 کروڑ 10لاکھ 86ہزار 817 روپے ہوگیا۔

ہفتہ وار کاروبار میں مختصرالمدت خریداری اور پرافٹ ٹیکنگ بھی ہوئی کیونکہ ان شعبوں کو معیشت کے مستقبل سے متعلق منفی خدشات بھی لاحق رہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔