افغانستان فورسز کا آپریشن 40 طالبان ہلاکبم دھماکے میں 13شہری جاں بحق

صوبائی پولیس چیف نے دھماکے اور ہلاکتوں کی تصدیق کردی، تاہم کسی گروپ نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔


News Agencies/AFP April 08, 2014
صوبائی پولیس چیف نے دھماکے اور ہلاکتوں کی تصدیق کردی، تاہم کسی گروپ نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے مسافر گاڑی تباہ ہوگئی جس میں 13 شہری جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

جبکہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 40 طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے، صدارتی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبے قندھار کے ضلع مائی وند میں ایک گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی جس میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے جو تمام مرد تھے، دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ صوبائی پولیس چیف نے دھماکے اور ہلاکتوں کی تصدیق کردی، تاہم کسی گروپ نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

دریں اثنا مختلف صوبوں میں سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران 40 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری طرف افغانستان میں صدارتی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ تازہ غیر سرکاری نتیجے کے مطابق 2 امیدوار دیگر امیدواروں سے بہت آگے ہیں۔ افغانستان کے سابق وزیر خزانہ اشرف غنی نے کہاکہ ابھی تک 10فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے جن میں انھیں 50 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ کو 35 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق گذشتہ انتخابات کے مقابلے یہ انتخاب زیادہ منظم طریقے سے منعقد ہوئے جبکہ لاکھوں ووٹوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ مختلف علاقوں سے مبینہ بے قاعدگیوں کی شکایات بھی آرہی ہیں لیکن افغان صدارتی انتخابات کی نگرانی کرنیوالے مبصرین نے حالیہ الیکشن کو شفاف قرار دیدیا۔ افغان ٹرانسپیرنٹ الیکشن فاؤنڈیشن کے سربراہ محمد نعیم ایوب زادہ نے کہاکہ حالیہ صدارتی انتخابات 2009 کے مقابلے میں شفاف ہوئے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق افغان انتخابات میں انتظامیہ، انتخابی کمیشن اور عوام تو ہیں ہی شاباش کے مستحق لیکن میڈیا کو بھی تھپکی جائز ہے۔

مقبول خبریں