صدر مملکت کی عمران خان سے اہم ملاقات انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر الیکشن کمیشن پر تنقید

90 دن کے اندر انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے جس سے کسی بھی قسم کا انحراف آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہوگی، عمران خان


Staff Reporter February 09, 2023
فوٹو فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی چیئرمین تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے زمان اہم ملاقات ہوئی جس میں الیکشنز اور ملک کی معاشی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر الیکشن کمیشن پر تنقید کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں صدرِ مملکت کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کی مدت کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوائے گئے خط کے مضمرات پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مقننہ کی تحلیل کی صورت میں دستور انتخاب کیلئے 90 روز کی مہلت طے کرتا ہے، آئینی مدت کے دوران انتخابات کے انعقاد میں ناکامی آئین سے صریح انحراف کی مترادف ہے، انحراف کی صورت میں آئین بذاتِ خود واضح ہدایات دیتا ہے۔ علاوہ ازیں ملاقات میں ملک کو سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے لازم ہے کہ دستور کی منشاء کو لاگو کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم آئین ساز تھے اسی لئے ہماری ریاست کی بنیاد آئین پاکستان ہے، قرارداد مقاصد واضح بتاتی ہے کہ حاکمیت صرف اللہ تعالیٰ کی ہے،ریاستِ پاکستان،اس مقدس امانت کو عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعےاستعمال کرے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انتخابات میں آئینی مدت سے انحراف ریاست کی بنیاد ہلا دینے کےمترادف ہے،آئین کے تحفظ کیلئے آج پوری قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، 90 دن کے اندر انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے جس سے کسی بھی قسم کا انحراف آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہوگی۔

ملاقات کے بعد عارف علوی خصوصی طیارے سے نور خان ایئربیس سے اسلام آباد پہنچ گئے۔