خواتین کی ٹی20 میں عالمی جنگ کا بگل بج گیا

میزبان جنوبی افریقہ آج سری لنکا جبکہ پاکستان اتوار کو روایتی حریف بھارت کے مدمقابل آئے گا


Sports Desk February 10, 2023
میزبان جنوبی افریقہ آج سری لنکا جبکہ پاکستان اتوار کو روایتی حریف بھارت کے مدمقابل آئے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

ویمنز ٹی20 عالمی کپ کی جنگ کا بگل بج گیا، جمعے سے 10 ٹیموں کے درمیان جنوبی افریقہ میں گھمسان کا رن پڑے گا، ابتدائی روز میزبان اور سری لنکا کی ٹیمیں برسرپیکار ہوں گی، پاکستان اپنی مہم کا آغاز اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز جمعے کو جنوبی افریقہ میں ہورہا ہے، ایونٹ کی 10 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

بی میں انگلینڈ، بھارت، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کی ٹیمیں موجود ہیں۔ ابتدائی روز میزبان جنوبی افریقہ کا مقابلہ کیپ ٹاؤن میں سری لنکا کے ساتھ ہوگا۔ ہفتے کو 2 میچز کھیلے جائینگے، پہلے میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ مدمقابل آئیں گے۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈکپ؛ ٹرافی کی تقریبِ رونمائی کا انعقاد

دوسرا میچ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا۔ پاکستان ٹیم مہم کا آغاز اتوار کو بھارت کیخلاف میچ سے کرے گی۔

گرین شرٹس نے اس ٹور سے قبل آسٹریلیا کا مایوس کن ٹور کیا جہاں پر وائٹ بال کے دونوں فارمیٹس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، وہ میگا ایونٹ میں گروپ راؤنڈ سے آگے بڑھنے کیلیے پُرامید ہے۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈکپ؛ پاکستان کے میچز کب کب ہوں گے؟

اسے اپنے گروپ میں انگلینڈ، بھارت اور ویسٹ انڈیز جیسی ہیوی ویٹ ٹیموں کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستانی امیدوں کا محور سینئر آل راؤنڈر ندا ڈار ہیں ،دیگرپلیئرز بھی عالمی اسٹیج پر صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلیے پُراعتماد ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی طرح بھارت بھی پہلی ورلڈ کپ ٹرافی ہاتھوں میں اٹھانے کا خواہاں ہے ، آسٹریلیا اس ایونٹ میں اپنی ریکارڈ فتوحات کا سلسلہ 6 ٹرافیز تک پہنچانے کیلیے پُرعزم ہے۔

مقبول خبریں