دھماکا قابل مذمت ہے دہشت گردوں کو نہیں چھوڑینگے پرویز رشید

تحقیقات کی جارہی ہیں،پہلی بارکالعدم تنظیموں نے کھل کردہشتگردی کی شدید مذمت کی ہے


INP April 10, 2014
تحقیقات کی جارہی ہیں،پہلی بارکالعدم تنظیموں نے کھل کردہشتگردی کی شدید مذمت کی ہے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے سبزی منڈی بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے، دھماکے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں،واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ، پہلی بار کالعدم تنظیموں نے کھل کر دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے، ثابت ہوتا ہے کہ تخریب کار عناصر تنہا ہوتے جا رہے ہیں، وزیر اعظم چین جاتے ہوئے دوران سفر مسلسل اس واقعے سے متعلق معلومات لے کر ہدایات جاری کرتے رہے ، ہماری حکومت ملک سے دہشت گردی ختم کر کے پاکستان کو پر امن اور مستحکم بنائے گی' اسپتالوں میں خون اور دوائوں کی وافر مقدار موجود ہے، تمام زخمیوں کے علاج و معالجے اور جاں بحق افراد کی میتوں کو گھروں تک پہنچانے کی ذمے داری حکومت کی ہے۔

مریضوں کو نا تو کچھ خریدنا پڑے گا اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو نا کچھ خرچ کرنا پڑے گا۔ وہ بدھ کوجڑواں شہروں کے ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل اور ملک ابرار کے ہمراہ پمزمیں سبزی منڈی دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پرویز رشید نے کہا کہ دہشت گردوں کیلیے پاکستان کی سرزمین تنگ ہوتی جا رہی ہے ان کے پاس کوئی راستہ نہیں، وہ کسی صورت نہیں بچ سکتے۔ سبزی منڈی دھماکے میں اگر انتظامیہ کی سستی بھی سامنے آئی توانتظامیہ کے خلاف بھی بھرپورکارروائی کی جائے گی۔