لڑکے کا رُوپ دھار کر موٹر سائیکل چرانے والی لڑکی گرفتار
ثمرین موٹرسائیکلیں چوری کرکے حب چوکی بلوچستان میں فروخت کرتی تھی، گروہ میں ایک اور لڑکی کے علاوہ لڑکے بھی شامل ہیں
اتحاد ٹاؤن پولیس نے لڑکے کا رُوپ دھار کر موٹر سائیکل چوری میں ملوث نوجوان لڑکی کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن سب انسپکٹر غلام رسول ارباب کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپا مار کارروائی کے دوران ملزمہ کو گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت ثمرین عرف مشا کے نام سے کی گئی ۔
ملزمہ لڑکے کا رُوپ دھار کر مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے حب چوکی بلوچستان میں فروخت کرتی تھی جب کہ اس کے قبضے سے ملنے والی مسروقہ موٹر سائیکل درخشاں کے علاقے سے چوری کی گئی تھی جس کا مقدمہ بھی درج ہے ۔
ملزمہ کے گروہ میں ایک اور لڑکی کے علاوہ 3 سے 4 لڑکے ہیں جو موٹرسائیکلیں چوری کرنے میں ملوث ہیں۔