ٹنڈوجام ٹول ٹیکس وصولی کیخلاف شہری سراپا احتجاج

ٹول گیٹ کا گھیرائو، وصولی معطل، سڑک کی تعمیر سے قبل ٹیکس لینا نا انصافی ہے، مظاہرین۔


Nama Nigar September 16, 2012
ٹنڈوجام اور تعلقہ دیہی کے عوام سے ٹیکس لیا گیا تو ٹول گیٹ اکھاڑ پھینکیں گے، سیاسی رہنما، فوٹو: فائل

ٹنڈوجام کے قریب حیدرآباد، میرپورخاص روڈ کی تعمیر ہونے سے پہلے ہی ٹول ٹیکس کی وصولی کے خلاف سیاسی تنظیموں کے رہنمائوں اور مقامی افراد نے ٹول گیٹ کا گھیرائو کر کے وصولی عارضی طور پر بند کرادی۔

مذکورہ سڑک پر ٹول ٹیکس کی وصولی ہفتے کے روز شروع کی گئی جس دوران ڈرائیوروں اور ٹول عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جبکہ مختلف سیاسی تنظیموں کے رہنمائوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے ٹول گیٹ پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹیکس وصولی کے خلاف نعرے لگائے۔

اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ترقی پسند پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری حیدر شاہ، مسلم لیگ فنکشنل تعلقہ دیہی کے صدر نظیر احمد زنئور، پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کے رہنما سرفراز شہانی کا کہنا تھا کہ ٹنڈو جام اور تعلقہ دیہی کے عوام سے ٹول ٹیکس وصولی سراسر نا انصافی ہے، اگر اسے نہیں روکا گیا تو یہاں کے مکین شدید احتجاج کریں گے اور اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو ٹول گیٹ اکھاڑ پھینکیں گے۔

اس دوران ٹول ٹیکس کی وصولی عارضی طور پر روک دی گئی۔

مقبول خبریں