کراچی میں مردم شماری ٹیم بھی غیرمحفوظ ڈاکو موبائل چھین کر فرار
اکیلا تھا کوئی سیکیورٹی نہیں تھی، متاثرہ اہلکار کا ویڈیو بیان منظر عام پر آگیا
شہر قائد میں جہاں عوام ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں وہیں مردم شماری ٹیم بھی اسٹریٹ کرمنلز سے نہ بچ سکی۔ لانڈھی میں ملزمان مردم شماری ٹیم کے رکن سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے مردم شماری کی ٹیم میں شامل متاثرہ رکن سہیل کا ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آگیا جس میں اس کا کہنا تھا کہ وہ مردم شماری کیلئے فیلڈ میں موجود تھا اس دوران عقب سے موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے اور میرا موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، اہلکار نے بتایا کہ کہ وہ اکیلا تھا کوئی سیکیورٹی نہیں تھی۔
ایس ایچ او لانڈھی فرخ ہاشمی نے بتایا کہ مردم شماری کے حوالے سے علاقے میں خاتون سمیت 6 افراد پر مشتمل عملہ آیا تھا جس کی 2 ، 2 پر مشتمل 3 ٹیمیں بنائی گئی تھیں اور ان کی سیکیورٹی کے لیے تینوں ٹیموں پر ایک، ایک پولیس اہلکار کو تعینات کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او لانڈھی نے بتایا کہ جس وقت مردم شماری کی ٹیم کے رکن سے موبائل فون چھینا گیا وہ یونیفارم میں نہیں تھا اور اس نے سپروائزر سے بات کرنے کے لیے موبائل فون نکالا ہی تھا کہ ملزمان فون جھپٹ کر لے گئے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ جس وقت متاثرہ رکن نے اپنا ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا تھا اس نے جیکٹ پہن لی تھی تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔