کراچی میں فائرنگ مزید 3 افراد جاں بحق متعدد زخمی

لیاقت آبادمیں فجرکی نمازپڑھ کرمسجد سے نکلنے والاعظیم اورسرجانی میں نوشاد نشانہ بنا


Staff Reporter April 18, 2014
رضویہ میں صادق حسین ماراگیا،علاقے میں کشیدگی، کاروبار بند،دکانداروں کااحتجاج، سعیدآباد میں زخمی ہونیوالے لڑکے کی حالت تشویشناک۔ فوٹو: فائل

LONDON: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق اورکمسن لڑکے سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سپر مارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد الیاس گوٹھ جامع مسجد محمدی کے باہرنامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے40 سالہ محمد عظیم موقع پر ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او رضوان پٹیل نے بتایا کہ عظیم الیاس گوٹھ کا رہائشی اور نجی اسپتال میں بطور ڈرائیور ملازم تھا۔ فجرکی نمازادا کرنے کے بعد جیسے ہی مسجد سے باہر نکلاتو گھات لگائے کھڑے موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی، عظیم کے کچھ رشتے داروں کا تعلق لیاری گینگ وار کے ملزمان سے بتایا جاتا ہے،رضویہ کے علاقے ناظم آباد ایک نمبر حسن کالونی میں واقع حسن الیکٹرک اینڈ ہارڈویئر کی دکان پرایک موٹر سائیکل پرسوار 2 نقاب پوش ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی اورفرارہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں دکان کا مالک55سالہ صادق حسین اورملازم 25 سالہ محمد علی زخمی ہوگئے، صادق حسین عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش رضویہ امام بارگاہ لائے جانے پر علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ، مشتعل دکانداروں نے احتجاجاً دکانیں اور دیگر کاروبار بند کر کے پولیس کے خلاف احتجا ج کیا ، ایس ایچ او رضویہ مظہر اقبال کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین نے پولیس کوبتایا کہ ملزمان چہرے پر وہ ماسک چڑھائے ہوئے تھے زخمی صادق علی کی حالت تشویش ناک ہے ، ڈاکس کے علاقے کسٹم ہائوس کے قریب نامعلوم ملزمان نے پاکستان نیوی کے سویلین ملازم 31 سالہ عبدالشکورکو روکنے کی کوشش کی نہ روکنے پر فائرنگ کردی اورفرار ہوگئے۔

شکور پائوں پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، میٹروول خیبر گیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان نے جھگڑے کے دوران چھری کے وار کرکے40سالہ ساجد کو زخمی کردیا ۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی تیسرٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ نوشاد عرف نوشی ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او بشیر وٹو نے بتایا کہ مقتول کو جسم پر 7 گولیاں لگیں ، بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 8-A میں واقع فاسٹ فوڈ کی دکان سے متصل چپس اور کرائے پرسائیکل دینے والی دکان پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 7 سالہ فرحان اور دکان کا مالک امجد عرف ٹھاکر زخمی ہوگئے ، سولجر بازار کے علاقے 3 نمبر کے ایم سی مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ محمد سعید زخمی ہوگیا۔

مقبول خبریں