فیڈریشن کپ ٹینس اٹلی کو جمہوریہ چیک کے چیلنج کا سامنا

افتتاحی سنگلز سارا ایرانی اور میزبان پلیئر لوسیا سفارووا کے درمیان ہوگا۔


Sports Desk April 19, 2014
ورلڈ گروپ پلے آف میں امریکا کا مقابلہ فرانس، روس کا ارجنٹائن، کینیڈا کا سلواکیہ اور پولینڈ کا ٹاکرا اسپین سے ہوگا۔ فوٹو: فائل

فیڈریشن کپ سیمی فائنلز اور ورلڈ گروپ پلے آف میچز ہفتے اور اتوار کو دنیا کے مختلف حصوںمیں منعقد ہوں گے، فائنل میں رسائی کی جنگ میں میزبان جمہوریہ چیک اور دفاعی چیمپئن اٹلی کے علاوہ میزبان آسٹریلیا اور جرمنی مدمقابل آئیں گے۔

ورلڈ گروپ پلے آف مقابلوں میں ولیمز سسٹرز کے بغیر امریکی ٹیم سینٹ لوئس میں فرانس کی میزبانی کرے گی، شراپووا کے بغیر روسی ٹیم سوچی میں ارجنٹائن کیخلاف میدان سنبھالے گی، کیوبک سٹی میں کینیڈا کی ٹیم سلواکیہ سے مقابلہ کرے گی، ورلڈنمبر تھری پلیئر اگنیسکا ریڈوانسکا کے ساتھ پولش ٹیم اسپین سے کھیلنے کیلیے بارسلونا گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ویمنز ٹینس ایونٹ فیڈریشن کپ 2014 کے سیمی فائنلز ہفتے اور اتوار کو منعقد ہوں گے، جمہوریہ چیک کے شہر اوسٹراوا میں دفاعی چیمپئن اٹلی کو میزبان ٹیم کا چیلنج درپیش ہوگا، افتتاحی سنگلز میں لوسیا سفارووا مہمان پلیئر سارا ایرانی کا سامنا کریں گی، سفارووا عالمی رینکنگ میں سردست 26ویں پوزیشن پرہیں اور ملک کی نمبردو پلیئر ہیں، اسی طرح سارا ایرانی کی ورلڈ رینکنگ11 ہے، چھ سیڈ پیٹرا کیوٹوا کا مقابلہ 54ویں درجے کی اطالوی پلیئر کمیلا جیورجی سے طے ہوا ہے۔

اتوار کو ریورس سنگلز میں کیوٹوا کا سامنا سارا ایرانی سے جبکہ سفارووا جیورجی کیخلاف اپنا ہنر آزمائیں گی، اختتامی ڈبلز میں کارلا کوکولوا اور آندریا ہیلکووا کو اطالوی جوڑی روبریٹا ونسی اور کیرن کینپ سے ٹکرانا ہوگا، تاہم اتوار کو شیڈول میچز کی لائن اپ صورتحال کو دیکھتے ہوئے تبدیل بھی کی جاسکتی ہے، گذشتہ پانچ برسوں سے یہی دونوں ممالک فیڈریشن کپ کی ٹرافی آپس میں بانٹتے رہے ہیں، اٹلی نے 2013 سے قبل 2010 اور2009 میں بھی چیمپئن بننے کا اعزاز پایا ہے جبکہ جمہوریہ چیک نے 2011 اور2012 میں ٹرافی اپنے نام کی تھی، دوسرا سیمی فائنل برسبین میں جرمنی اور میزبان آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔

آسٹریلیا نے 1993 میں آخری مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، تاہم اس وقت انھیں فیصلہ کن معرکے میں اسپین نے ہرادیا تھا، آسٹریلیا نے اگرچہ 7 مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز پایا ہے لیکن آخری مرتبہ انھوں نے یہ ٹرافی 1974 میں حاصل کی تھی، اسی طرح جرمنی بھی 1992 سے ٹورنامنٹ نہیں جیت پایا ہے، 22 برس قبل اسٹیفی گراف اور اینک ہوبر پر مشتمل جرمن ٹیم نے فائنل میں اسپین کو ٹھکانے لگایا تھا، سیمی فائنل ٹائی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان الیسا مولک نے کہا کہ ہماری ٹیم کیلیے اس مرتبہ فائنل تک پہنچنا کا اچھا موقع ہے۔

میزبان ٹیم نے کوارٹر فائنل میں کمزور روسی ٹیم کو مات دی تھی، تاہم سمانتھا اسٹوسر اور کیسی ڈیلوکا پر مشتمل آسٹریلوی ٹیم جرمن چیلنج کا سامنا کیسے کرپاتی ہے، یہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے، میزبان سائیڈ میں نوجوان پلیئرز ایشلیگ بارٹی اور اسٹروم سینڈرز بھی موجود ہیں، جرمنی نے سلواکیہ کو مات دیکر 19 برس بعد سیمی فائنل مرحلے تک رسائی پائی ہے، سنگلز میں ان کی امیدوں کا محور ورلڈ نمبر7 اینجلیک کیربر ہوں گی، ان کے علاوہ گذشتہ ہفتے چارلیسٹن میں ٹائٹل جیتنے والی آندریا پیٹکووک بھی مہمان ٹیم کا حصہ ہیں، آسٹریلیا اور جرمنی ایونٹ میں 13 مرتبہ مدمقابل آرہے ہیں، تاہم اس سے قبل منعقدہ مقابلوںمیں آسٹریلیا کو 8-4 کی سبقت حاصل ہے۔