13 ویں قومی نیٹ بال چیمپئن شپ آرمی نے جیت لی

فائنل میں ایچ ای سی کو شکست، ایئرفورس نے پولیس کو ہرا کر تیسری پوزیشن پائی


Sports Reporter April 19, 2014
فائنل میں ایچ ای سی کو شکست، ایئرفورس نے پولیس کو ہرا کر تیسری پوزیشن پائی۔ فوٹو: فائل

قومی نیٹ بال چیمپئن شپ آرمی نے جیت لی، فاتح ٹیم نے فائنل میں ایچ ای سی کو 27-17 سے شکست دے دی، ایئرفورس نے پولیس کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام 13ویں نیشنل مینز نیٹ بال چیمپین شپ کا فیصلہ کن معرکہ پاکستان آرمی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں آرمی کی جوانوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے17 کے مقابلے میں 27 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم کی جانب سے زاہد اقبال، عبدالحق، خورشید اور عثمان بشیر نے شاندار کھیل کے باعث شائقین سے خوب داد وصول کی۔ قبل ازیں تیسری پوزیشن کیلیے ایئرفورس اور پولیس کے مابین کھیلا گیا میچ انتہائی سنسنی خیز رہا جس میں فضائیہ کی ٹیم نے27 کے مقابلے میں 34 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔

ایونٹ میں سندھ نے پانچویں، پنجاب نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ کے پی کے کی ٹیم ساتویں، فاٹا آٹھویں نمبر پررہا جبکہ بلوچستان کے حصے میں نویں اور اسلام آباد کے حصے میں دسویں پوزیشن آئی۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر مختار احمد اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر ڈاکٹر اختر نواز گنجیر ا ن آئندہ بھی پی ایس بی میں ایونٹس کے انعقاد کیلئے تمام سہولیات فری دینے اور پروفیسر مختار احمد نے قومی ویمنز نیٹ بال چیمپئن شپ کرانے کا اعلان کیا ۔