کرکٹرز عید کی خوشیاں فیملیز کے ساتھ منائیں گے

بارش ہونے پر گپ شپ،بابر اور رضوان نے افتخار احمد سے عیدی بھی مانگی


Sports Reporter April 22, 2023
بارش ہونے پر گپ شپ،بابر اور رضوان نے افتخار احمد سے عیدی بھی مانگی (فوٹو: فائل)

قومی کرکٹرز عید کی خوشیاں فیملیز کے ساتھ منائیں گے۔

ہوم سیریز کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز کو اس بار عید کی خوشیاں فیملیز کے ساتھ منانے کا موقع مل گیا ہے،جمعرات کو نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کے اختتامی اوورز میں بارش کی مداخلت کے بعد چوتھا ٹی ٹوئنٹی بے نتیجہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو کئی کھلاڑیوں نے رخت سفر باندھنا شروع کردیا۔

ٹیم مینجمنٹ میں شامل مقامی ارکان کی روانگی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا، کئی پلیئرز اور معاون اسٹاف کے ارکان جمعے کو بھی گھروں کو روانہ ہوئے،لاہور میں جاری ون ڈے پلیئرز کے کیمپ میں وقفہ کردیا گیا،ان کی واپسی اب اسلام آباد ہوگی جہاں نیوزی لینڈ کیخلاف 2ایک روزہ میچز شیڈول ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، چوتھا ٹی20 میچ بارش کے باعث منسوخ

دوسری جانب پنڈی اسٹیڈیم میں میچ کے دوران بارش ہونے پر کھلاڑیوں کی ڈریسنگ روم میں گپ شپ جاری رہی،بابر اعظم اور محمد رضوان نے افتخار احمد سے عیدی بھی مانگی، رخصت ہونے والے کھلاڑیوں کو گلے لگ کر عید کی مبارکباد دی گئی۔

اس موقع پر عمرگل نے کہا کہ میدان برف سے سفید ہوگیا، موسم کی وجہ سے اپریل میں آپ کو دسمبر کے مزے مل رہے ہیں، صائم ایوب نے کہا کہ اولے پہلی بار برستے دیکھے ہیں، غیر ملکی کوچنگ اسٹاف بھی اس موقع پر خوش گپیوں میں مصروف رہا،انھوں نے کھلاڑیوں کو عید کی پیشگی مبارکباد بھی دی۔

مقبول خبریں