منوڑہ سمندر میں ڈوبنے والے دو طالب علموں کی لاشیں نکال لی گئیں
ڈوبنے والے مزید دو طالب علموں کی تلاش جاری ہے
منوڑہ کے سمندر میں منگل کی صبح ڈوبنے والے مدرسہ کے 4 طالب علموں میں سے 2 کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ مزید دو کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیماڑی منوڑہ کے سمندر میں منگل کی صبح 10 بجے ڈوبنے والے 4 لاپتہ طالب علموں میں سے دو کی لاشیں ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے ریسکیو کر کے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ڈاکس تھانے منتقل کیں۔
ایدھی حکام کے مطابق ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 15 سالہ انس ولد محمد صدیق اور 17 سالہ حسن ولد رحمان کے ناموں سے کی گئی جبکہ مبشر اور عبد الرحمان کی تلاش جاری ہے۔
جاں بحق ہونے والے کورنگی مہران ٹاؤن میں ایک مدرسہ کے طالب علم ہیں اور وہیں رہائشی پذیر تھے، مدرسہ کے طالب علم منگل کو پکنک منانے منوڑہ گئے تھے جہاں نہاتے ہوئے تیز لہروں کی زد میں آکر ڈوب گئے تھے۔