کراچی سمندر میں گر کر دادی اور پوتا جاں بحق

ڈوب کر جاں بحق ہونے والی خاتون کی پوتی کو بچا لیا گیا


Staff Reporter May 08, 2023
حادثے کا شکار خاتون اور بچے شیریں جناح کالونی کے رہائشی تھے:فوٹو:فائل

کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں خاتون اور بچہ سمندر میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بوٹ بیسن مائی کلاچی روڈ ریلوے پھاٹک کے قریب خاتون اور 2 بچے سمندر میں گر گئے۔ خاتون اور ان کا پوتا جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی پوتی کو شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچا لیا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ خاتون اپنے پوتا اور پوتی کے ہمراہ پیدل شیریں جناح کالونی سے ریلوے پھاٹک کے ساتھ ساتھ ہجرت کالونی جا رہی تھیں اسی دوران پیچھے سے تیز رفتار مال برادر گاڑی آرہی تھی جس کی آواز سن کر یا ہارن بجانے پرخاتون اوران کے پوتا پوتی نے بدحواسی میں سمندرمیں چھلانگ لگا دی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایدھی فاؤنڈیشن کی غوطہ خورٹیم موقع پرپہنچ گئی اورفوری طورپر خاتون اوربچے کی تلاش کے لیے کشتی کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع کردیا ۔ تقریبا ڈیڑھ سے 2 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن میں خاتون اوربچے کی لاش نکال لی گئی۔

خاتون کی شناخت 40 سالہ مہنازبی بی زوجہ مومن گل اورکمسن بچے کی شناخت 7 سالہ یوسف ولد صادق گل کے نام سے کی گئی ۔ جاں بحق ہونے والی خاتون اور بچہ شریح جناح کالونی کے رہائشی تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں