عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونا مزید سستا ہوگیا
قیمت میں کمی کے بعد فی تولہ سونے کے نرخ 220700 روپے ہوگئے
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7 ڈالر کی کمی سے 1951 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو سونا سستا ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر کو مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1000 روپے اور 858 روپے کی کمی واقع ہوئی۔
قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 220700 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت کم ہوکر 189214روپے ہوگئی۔
فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2650 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2271.94 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ کے اختتام پر بھی بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7 ڈالر کی کمی سے 1958 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی تھی جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں کمی آئی تھی۔
ہفتہ کے روز سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں بالترتیب 1700 روپے اور 1458 روپے کی کمی واقع ہوئی تھی اور صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 221700 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت کم ہوکر 190072 روپے ہوگئی تھی۔