زمان پارک میں 9 مئی کے واقعات میں جاں بحق افراد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے غائبانہ نماز جنازہ کے لیے انتظامات کی ہدایت کردی
پاکستان تحریک انصاف کے تحت نو مئی کے احتجاج کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کی غائبانہ نماز جنازہ زمان پارک سے ملحقہ گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر مفتی فکات اللہ نائب صدر پاکستان تحریک انصاف علماء ونگ نے نماز جنازہ پڑھائی۔ جس میں کارکنوں نے شرکت کی تاہم کوئی مرکزی رہنما شریک نہ ہوا۔
نماز جنازہ کے بعد جاں بحق کارکنوں کے لئے دعائیں مغفرت کی گئی، جس میں خواتین کارکنان نے بھی شرکت کی۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا تھا کہ پی ٹی آئی 9 مئی کے پُرامن احتجاجی شرکا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
عمران خان نے کہا تھا کہ نماز مغرب کے بعد پی ٹی آئی کے شہید والوں کے لئے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے حقوق کے لئے پرامن احتجاج کے لیے باہر نکلے تھے، کئی تشویشناک حالت میں اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، افسوس یہ ہے کہ کوئی اس واقعے پرتحقیقات نہیں کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح سیدھی گولیاں کہیں نہیں ماری جاتیں، فرانس کو دیکھ لیں جہاں پڑول بم پولیس پر پھینکے گئے لیکن کسی نے انکو گولی نہیں ماری۔
پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے پنجاب میں ایک درجن سے زائد شرکا جاں بحق ہوئے جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی گولیاں لگنے سے 6 مظاہرین دم توڑ گئے تھے۔