نئے انگلش کرکٹرز بھی امریکی لیگ کے نشانے پر آگئے

اسپورٹس ڈیسک  پير 29 مئ 2023
سینٹرل کنٹریکٹ نہ رکھنے والے پلیئرز سے رابطے کیے جارہے ہیں۔ فوٹو: فائل

سینٹرل کنٹریکٹ نہ رکھنے والے پلیئرز سے رابطے کیے جارہے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: میجرلیگ کرکٹ نے جیسن روئے کے بعد ابھرتے انگلش کرکٹرز کو بھی لبھانا شروع کردیا۔

جیسن روئے نے گزشتہ دنوں ای سی بی کا معاہدہ ختم کرکے امریکی لیگ میں کھیلنے کا 2 برس کی رضامندی ظاہر کردی تھی، تاہم انھوں نے بدستور انگلش ٹیم کے لیے دستیابی بھی ظاہر کردی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے علاوہ لیگ منتظمین نے سمرسٹ کے ٹام کوہلیر کیڈمور سے بھی رابطہ کیا ہے، لائنز میں بھی شامل کئی پلیئرز امریکا کی لیگ میں کھیلنے کے لیے پرتول رہے ہیں، کیڈمور بھی انگلینڈ لائنز کی جانب سے کئی میچز کھیل چکے ہیں، جولائی میں شروع ہونے والی امریکی لیگ میں منتظمین دنیا بھر سے کرکٹرز کو جوڑنے کیلیے پرکشش مالی ترغیبات دے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی لیگ؛ کھلاڑیوں کو بورڈز کے مدمقابل لاکھڑا کیا

28 سالہ کیڈمور نے اگرچہ سمرسٹ کلب سے 3 برس کا معاہدہ کیا ہے اور ابھی ان کا کلب کے ہمراہ پہلا ہی سیزن ہے، کاؤنٹی ٹیم انھیں تینوں فارمیٹس میں آزمانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے، 18 روزہ امریکی لیگ کے دوران کاؤنٹی چیمپئن شپ کے چند راؤنڈ اور ٹی 20 فائنلز بھی شیڈول ہوں گے۔

جیسن روئے نے لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز سے 2 برس کا معاہدہ کیا ہے، جس کی مالیت 3 لاکھ پاؤنڈ بیان کی جارہی ہے، ان سے قبل ڈیوڈ ویلی، الیکس ہیلز اور سام بلنگز نے گزشتہ برس دنیا کی مختلف لیگز میں کھیلنے کو ترجیح دی تھی، زیریں درجے کے پلیئرز مالی منفعت کے پیش نظر غیرملکی لیگز میں شریک ہونے کو اپنے لیے بہتر موقع خیال کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔