کراچی: 9 مئی کے متاثرین کو نئی موٹرسائیکل لینے کیلیے مقدمہ درج کرانا ہوگا

طحہ عبیدی  بدھ 31 مئ 2023
 فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی:  پولیس نے 9 مئی کے کیسز کو مضبوط بنانے کے لیے نئی منطق نکال لی  ہے  کہ نئی موٹرسائیکل اسی کو ملے گی جو مقدمہ درج کرائے گا۔

تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو شارع فیصل پر جلائو گھیراؤ کے واقعات میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے  کے لیے کراچی کی تفتیشی پولیس نے موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں جلانے والے ملزمان کو گرفت میں لانے کے لیے پرائیویٹ مدعی کی تلاش شروع کردی ہے اور جلنے والی 11 موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی کے مالک کو معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس کے تفیتشی حکام کوکیس مضبوط بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے اور اس کے لیے تمام ریکارڈ بھی مرتب کرنا شروع کردیا ہے، تفتیشی پولیس کے اعلی افسر نے بتایا ہے کہ جو کیس کا مدعی بنے گا نئی موٹرسائیکل یا معاوضہ بھی اسی کو ملے گا۔

پولیس کے شعبہ تفتیش نے فہرستیں مرتب کرکے متاثرین سے رابطے شروع کردیے ہیں ، جلاؤ گھیراؤ کے واقعات ٹیپوسلطان، فیروزآباد میں ہوئے تھے،  کس تھانے میں کتنے شہریوں نے رپورٹ درج کرائی اس  کی بھی تفصیل طلب کرلی گئی ہے ۔

پولیس کو 11  موٹرسائیکلیں اور ایک کار جلنے کی اطلاع  ملی تھی جس میں متاثرہ شہریوں کو درج مقدمات میں بطور گواہ شامل کیا جائے گا۔

املاک کو نقصان پہچانے والوں کوشہری عدالت کے روبرو شناخت کریں گے تاکہ9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو ٹھوس ثبوت اور شہادتوں پر سزا کروائی جائے، اس سلسلے میں  پولیس نے12 افراد کی فہرست بناکر اعلیٰ حکام کو بھجوا دی ہے ۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کراچی میں تعینات تفتیشی پولیس کے ایس ایس پی سے اجلاس بھی کیا ہے جس میں واضح طور پر حکم دیا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور جو 9 مئی کے متاثرین ہیں ان سے رابطہ کرکے اُن کی مدعیت میں مقدمات درج کرائے جائیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔