اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید 4 پی سی بی ملازمین بحال کردیئے نجم سیٹھی سے جواب طلب

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی ملازمین کی برطرفی کے سلسلے میں 15روز میں جواب داخل کرائیں، اسلام آباد ہائیکورٹ


Sports Reporter/Abbas Raza April 27, 2014
نجم سیٹھی کی طرف سے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک 50 کے قریب ملازمین کو برطرف کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

ہائیکورٹ نے پی سی بی کے مزید 4 ملازمین کو بحال کردیا، اس حوالے سے چیئرمین نجم سیٹھی سے 15 روز میں جواب طلب کر لیا گیا ہے۔

قبل ازیں بحال ہونے والے 6 افراد کوعملی طور پر بیکار ثابت کرنے کے لئے انھیں ایک الگ کمرے تک محدود کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے پی سی بی کے 6 ملازمین کی برطرفی کیخلاف درخواست کی سماعت کی تھی، برطرف ملازمین کا موقف تھا کہ انھیں بغیر وجہ بتائے نوکری سے نکال دیا گیا ہے، عدالت نے بورڈ کا حکم معطل کرتے ہوئے انچارج میس عرفان، اکاؤنٹس افسر شہناز آصف، اکرم جیلانی، احتشام الحق، انیلا ارشد اور فرخ منیر کو 21اپریل کو ہی بحال کرنے کے ساتھ چیئرمین نجم سیٹھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 روز میں جواب طلب کر لیا تھا، بعد ازاں مزید ملازمین کا بھی حوصلہ بڑھا اور انھوں نے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہی رجوع کرلیا، اب عدالت نے مزید 4 افراد کو بحال کردیا ہے۔

جن میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے فرنٹ ڈیسک آفیسر امجد علی، منیجر ایچ آر علوینہ عالم، قومی ٹیم کے مساجر اختر علی اور نائب قاصد عرفان احمد صدیقی شامل ہیں جبکہ نوکریوں سے نکالے جانے والے اینالسٹ بھی جلد ہی انصاف کے حصول کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ بحال ہونے والے ملازمین پیر کو عدالتی احکامات کے ہمراہ ڈیوٹی پر لیے جائیں گے۔ دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ قبل ازیں بحال ہونے والے ملازمین کو پی سی بی نے بادل نخواستہ قبول تو کرلیا، تاہم ان کو دفتر کے روزمرہ امور سونپنے کے بجائے ایک الگ کمرے میں بٹھا دیا گیا ہے، بحالی کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے لئے عاصمہ جہانگیر ایڈوکیٹ کی خدمات حاصل کئے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔یاد رہے کہ نجم سیٹھی کی طرف سے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک 50 کے قریب ملازمین کو برطرف کیا گیا ہے۔