سی آئی ڈی گارڈن میں خفیہ کیمرے نصب نشانچی تعینات

داخلی راستوں پر چیک پوسٹوں میں اضافہ، سراغ رساں کتے بھی رکھے گئے ہیں


Staff Reporter April 27, 2014
داخلی راستوں پر چیک پوسٹوں میں اضافہ، سراغ رساں کتے بھی رکھے گئے ہیں ۔ فوٹو: فائل

لاہور: ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر سی آئی ڈی گارڈن کی سیکیورٹی سخت کر کے خفیہ کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ عمارتوں پر نشانچی تعینات کر دیے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ شہر میں حالیہ دہشت گردی کے باعث ممکنہ حملے کے پیش نظر پولیس کے اعلیٰ افسران کی ہدایت پر سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی چوہدری اسلم سیل کی سیکیورٹی مزید موثر بنا دی گئی ہے ، سیل کے چاروں طرف خفیہ کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں، سیل کے اطراف کی عمارتوں پر دوربین کے ساتھ شوٹرز تعینات کر دیے گئے ہیں ، سی آئی ڈی ذرائع کے مطابق سیل کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹوں میں اضافہ کر کے چیکنگ کیلیے سراغ رساں کتے رکھے گئے ہیں ۔

ذرائع نے بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے ایس پی چوہدری اسلم کو دھمکیاں ملتی رہتی تھیں اور اب وہاں کے انچارج اور راجہ خالد کو بھی دھمکیاں مل رہی ہیں ذرائع نے بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان سوات کے کمانڈر زاویل، عابد مچھڑ ،عابد چھوٹا، خان زمان اور زید اﷲ کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ سی آئی ڈی کی عمارت کو بم سے اڑا دیا جائے،علی رضا اورراجہ خالد نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ پہلے مسلمان اور محب وطن پاکستان ہیں اور دہشت گردوں کا آخری دم تک پیچھا کریں گے، چاہے اس کیلیے ان کو اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کرنا پڑے، انھوں نے کہا کہ ایس پی چوہدری اسلم کی شہادت سے ان کے حوصلے پست نہیں بلکہ مضبوط ہوئے ہیں وہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

مقبول خبریں