مونس الہیٰ کیخلاف کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

طالب فریدی  منگل 6 جون 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے چوہدری پرویز الہیٰ کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرکے ریڈ نوٹس جاری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف آئی اے لاہور نے مونس الٰہی کے خلاف کرپشن اور منی لانڈنگ کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمے میں رشوت ستانی، اور منی لانڈنگ کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ مونس الٰہی نے بطور وفاقی وزیر آبی ذخائر اربوں روپے کی کرپشن کی، کروڑوں روپے رشوت کی مد میں وصول کیے، اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہئوے مختلف محکمہ جات میں اثرورسوخ کے ذریعے غیرقانونی طریقے سے رقم بنائی۔

ایف آئی اے کی جانب سے درج ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ مونس الہٰی نے کرپشن اور رشوت ستانی سے کمائی گئی رقم کی لانڈرنگ کی اور اپنے فرنٹ مین عامر سہیل کے ذریعے اپنی فیملی اور دیگر ملزمان کے اکاونٹس میں رقوم جمع کروائی۔

متن کے مطابق ملزم عامر سہیل نے زہرہ الہٰی ، مونس الہٰی ، احمد فاران خان، ضیغم عباس، واجد بھٹی اور عامر فیاض کے اکاؤنٹس میں تقریباً 121.65 ملین (12 کروڑ 16 لاکھ روپے)  جمع کروائے، تمام رقوم 2019سے 2022 میں جمع کروائی گئی۔

ایف آئی اے نے مقدمے میں لکھا کہ مونس الہٰی تحقیقات کے خوف سے پہلے ہی ملک سے فرار ہوگئے اس ضمن میں آئندہ مونس الہٰی کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مونس الہیٰ کے خلاف مزید تحقیقات جاری رہیں گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔