گڈاپ ٹاؤن میں ببرشیر کی موجودگی کا معمہ حل، وائرل ویڈیو جعلی قرار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 7 جون 2023
فوٹو: اسکرین گریب

فوٹو: اسکرین گریب

  کراچی: گڈاپ ٹاؤن کے علاقے تھڈو ڈیم میں ببر شیر کے مٹرگشت کا معمہ حل ہوگیا، سوشل میڈیا پروائرل ویڈیو کو سندھ وائلڈ لائف نے جعلی قراردے دیا۔

محکمہ جنگلی حیات کے کنزرویٹر کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والے ببرشیر کی نسل سندھ میں نہیں پائی جاتی، اور کسی فارم ہاؤس سے شیر کے فرارکا کوئی واقعہ  بھی رپورٹ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ گذشتہ شب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی  جس میں مبینہ طور پر گڈاپ ٹاؤن کے علاقے میں ایک ببر شیر کو درختوں کی قطاروں کے درمیان  آزادانہ چہل قدمی  کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جبکہ ایک دوسری ویڈیو میں ببر شیر آنکھوں پرپڑنے والے روشنی پردہاڑتا نظر آرہا ہے۔

مذکورہ ویڈیو کے پس منظر میں ایک شخص سندھی زبان میں اس شیر کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے  دعوی کرتا ہے کہ  وہ اس وقت کراچی کے مضافات میں واقع تھڈو ڈیم کے قریب موجود ہے اور یہاں ایک خونخوارببر شیر مٹرگشت کررہا ہے،جس سے انسانوں اور پالتو جانوروں کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

ویڈیو بنانے والا شخص قریب موجود دیگرلوگوں کومشورہ دے رہا ہے کہ شیر سے چھیڑچھاڑ مت کریں اوراسے جانے دیں۔

محکمہ جنگلی حیات کے کنزرویٹرجاوید مہرکے مطابق شہر کے مضافاتی علاقے تھڈو ڈیم /گڈاپ ٹاؤن کے علاقے میں ببر شیر کی موجودگی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

انہوں نے بتایا کہ رات گئے تھڈوڈیم اور ملحقہ مضافاتی علاقوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کی گئیں،سرچ ٹیمیں بیک وقت گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر مشتمل اور درکار آلات سے لیس تھیں، ٹیموں نے رات کی تاریکی اور دن کے اجالے میں انتہائی باریک بینی سے تمام علاقوں کا جائزہ لیا۔

جاوید مہر کے مطابق سندھ وائلڈ لائف کی ٹیموں نے مقامی افراد کے انٹرویوز بھی ریکارڈ کیے مگر ببرشیر کی موجودگی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ ویڈیو سے یہ بات بھی واضح ہے کہ اس پر ڈبنگ یا وائس اوور کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ببرشیر کی موجودگی کی افواہوں کے سبب شہر میں خوف اور اضطراب پھیلا، ویڈیو میں دکھائی دینے والی نسل کا شیر سندھ میں نہیں پایا جاتا۔

کنزویٹرسندھ وائلڈ لائف کے مطابق مضافاتی علاقے کے قرب وجوار میں موجود فارم ہاؤسز سے بھی شیرکے فرارکا  کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، اگر کوئی شیر کسی فارم ہاؤس سے بھاگا ہوتا تو کتے اپنے سونگھنے کی تیزحس کی بدولت آسانی سے اس کا پتا لگالیتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔