ورلڈکپ 2023؛ شیڈول کب جاری کیا جائے گا؟ آئی سی سی چیف کا اعلان

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 8 جون 2023
میگا ایونٹ میں پاکستان کی شمولیت پر جیف ایلرڈائس جواب گول کرگئے (فوٹو: ایکسپریس ویب)

میگا ایونٹ میں پاکستان کی شمولیت پر جیف ایلرڈائس جواب گول کرگئے (فوٹو: ایکسپریس ویب)

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس کا کہنا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

ورلڈکپ شیڈول کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے جلد سے جلد میگا ایونٹ کا اعلان کریں، بھارتی بورڈ کی جانب سے شیڈول ہمیں ایک آدھ دن میں مل جائے گا، جس کے بعد ممبرز ممالک اور براڈکاسٹرز کے ساتھ مشاورت کریں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کی جانب سے انہیں بھی ورلڈکپ شیڈول سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا ہے، جو سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ سال 2015 اور 2019 کے میگا ایونٹ کا شیڈول ایک سال قبل کردیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے اطلاعات ہیں کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے دوران بھی ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کے اعلان کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ، چیمپئینز ٹرافی کیلئے آئی سی سی حکام کا سیکیورٹی کا جائزہ

یاد رہے کہ جیف ایلر ڈائس چند روز قبل آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کے ہمراہ دورہ پاکستان پر آئے تھے، ذرائع کے مطابق اس کا مقصد ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے یقین دہانی حاصل کرنا تھا تاہم چیف ایگزیکٹو سے پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت اور شیڈول میں تاخیر کا سوال کیا تو جواب گول کرگئے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ حکومتی منظوری ملنے کے بعد کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔