ٹی ڈیپ نے جیم جیولری کمپنی کی کارکردگی و فنڈ کا حساب مانگ لیا

جیم اینڈ جیولری انڈسٹری سے شکایات مل رہی تھیں،وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کو مراسلہ بھجوادیا گیا


Business Reporter May 02, 2014
جیم اینڈ جیولری انڈسٹری سے شکایات مل رہی تھیں،وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کو مراسلہ بھجوادیا گیا۔ فوٹو: فائل

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے بارے میں انڈسٹری کی نمائندہ ایسوسی ایشن کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزارت صنعت و پیداوار سے جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کی کارکردگی اور فنڈز کے استعمال کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کو جاری کردہ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ جیم اینڈ جیولری انڈسٹری کی نمائندہ آل پاکستان جیم مرچنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کی کارکردگی اور مالی امور کے بارے میں مسلسل شکایات موصول ہورہی ہیں جو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیلیے تشویش کا باعث ہیں، خط میں کہا گیا ہے کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے بورڈ کی رکن اور ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے ذریعے ڈیولپمنٹ کمپنی کی معاونت کرتی ہے اس لیے ایسوسی ایشن کی شکایات کی روشنی میں ڈیولپمنٹ کمپنی کی کارکردگی اور مالی امور سے متعلق مفصل معلومات طلب کی جارہی ہیں تاکہ ڈیولپمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے وفاقی وزارت سے کہا ہے کہ ڈیولپمنٹ کمپنی کے پراجیکٹس اور اب تک کی جانیوالی نمائشوں کی تفصیلات، پی ایس ڈی پی، پی آئی ڈی سی اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ای ڈی ایف اور ای ایم ڈی ایف میں سے دیے گئے فنڈز اور ان کے اخراجات کی آڈٹ شدہ تفصیلات مہیا کی جائیں، ڈیولپمنٹ کمپنی کے سرکردہ افراد کی ہی ملکیت عمارتوں کو بھاری کرائے پر لیے جانے کی شکایات پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ڈیولپمنٹ کمپنی کے تحت چلنے والے تربیتی مراکز، عمارتوں کی ملکیت، کرائے نامے کی تفصیلات اور زیرتربیت افراد کے کوائف بھی طلب کیے ہیں۔ ٹی ڈی اے پی نے ڈیولپمنٹ کمپنی کے تحت خریدی اور درآمد کی گئی مشینری اور آلات اور ان کی موجودہ پوزیشن کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کی ہیں، بورڈ آف ڈائریکٹر سمیت تمام افسران اور ملازمین بشمول اعلیٰ افسران کی قابلیت، تنخواہ اور مالی و دیگر مراعات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔