وفاقی بجٹ کا ابتدائی مسودہ تیار پنشن و تنخواہوں میں 5 سے 10 فیصد اضافے کا امکان

بجٹ میں پنشن کیلیے 163ارب روپے جبکہ تنخواہوں کے لیے 294 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے،ذرائع


Numainda Express May 07, 2014
بجٹ میں پنشن کیلیے 163ارب روپے جبکہ تنخواہوں کے لیے 294 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے. فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایاکہ بجٹ کے ابتدائی خدوخال کے مطابق آئندہ وفاقی بجٹ میں پنشن اور تنخواہوں میں 5 سے 10فیصد اضافے کا امکان ہے جس کے تحت آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پنشن کیلیے 163ارب روپے جبکہ تنخواہوں کے لیے 294 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے تاہم بجٹ اہداف کو حتمی شکل رواں ماہ کے آخری عشرے میں دی جائے گی جس کے بعد آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا، اس سے قبل قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوگا جس میں ترقیاتی بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے لیے تیار کیے جانے والے ابتدائی مسودے کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کا حجم 37 کھرب روپے سے زائد متوقع ہے جبکہ دفاعی بجٹ کی مد میں 690ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں سبسڈی کا حجم ساڑھے 3 کھرب روپے جبکہ آئندہ وفاقی بجٹ میں مالیاتی خسارہ 15 کھرب 50ارب روپے ہونے کا امکان ہے، پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی کاموں کے لیے 520ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 27کھرب روپے متوقع ہے۔ وزارت خزانہ حکام کے مطابق مالی سال 2014-15 کے وفاقی بجٹ میں نان ٹیکس ریونیو کا ہدف 624ارب روپے جبکہ قرضوں اور سود کی ادائیگیوں کیلیے 12 کھرب 80 ارب روپے خرچ کیے جانے کا امکان ہے۔