اسٹیٹ بینک کی جلد تلف ہوجانیوالی برآمدی اشیا کیلیے وضاحت

پیشگی ادائیگی یاناقابل تنسیخ ایل سی کااطلاق ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں شامل اشیا پر ہوتا ہے، اسٹیٹ بینک


Business Reporter May 07, 2014
پیشگی ادائیگی یاناقابل تنسیخ ایل سی کااطلاق ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں شامل اشیا پر ہوتا ہے، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو: فائل

لاہور: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تازہ مچھلی، سبزی، پھل، پولٹری اور فوری استعمال کی دیگر اشیا (جلدتلف ہوجانے والی اشیا)کی پاکستان سے برآمد کے لیے دستیاب سہولت کے ضمن میں وضاحت جاری کی ہے۔

یہ واضح کیا گیا ہے کہ برآمد کے لیے پیشگی ادائیگی یا ناقابل تنسیخ لیٹرز آف کریڈٹ کی شرط ان اجناس پر لاگو ہوتی ہے جن کی وزارت تجارت کے جاری کردہ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں صراحت کی گئی ہے، جو اجناس ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں مذکور نہیں خواہ وہ فوری استعمال کی ہوں یا نہ ہوں ان کے سلسلے میں برآمدات کے تمام دیگر جائز طریقے متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق اختیار کیے جاسکتے ہیں۔

یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ تازہ مچھلی، سبزی، پھل، پولٹری یا فوری استعمال کی دیگر اجناس کی برآمد کے لیے پاکستان میں کسی بینک کے نام یا درآمد کنندہ ملک میں کسی بینک کے نام ٹائٹل کی دستاویزات جاری کرنا ضروری نہیں تاہم برآمد کنندہ کا بینک کسٹم ریکارڈ کے ذریعے شپمنٹ کی کیفیت کی تصدیق کرے گا۔