گورنر نے عائشہ منزل فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ فلائی اوور پر24 گھنٹے کام کیا جائے جبکہ سروس روڈ کو فوری مکمل کیا جائے


Business Reporter September 18, 2012
ہر صنعتی یونٹ کا مالک اپنی انڈسٹری میں سانحہ بلدیہ کے متاثرین کو روزگارفراہم کریگا،ڈاکٹر عشرت العباد کا نکاٹی میں تاجر و صنعتکاروں سے خطاب۔ فوٹو: این این آئی

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پیر عائشہ منزل شاہراہ پاکستان پر377ملین روپے کی لاگت سے بننے والے فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ عائشہ منزل انٹرسیکشن ایک اہم مقام ہے۔

یہاں سے نہ صرف سہراب گوٹھ سے آنے والا ٹریفک گزرتا ہے بلکہ ناظم آباد اور یٰسین آباد سے آنیوالی گاڑیوںکی بڑی تعداد اس انٹرسیکشن سے گزرتی ہیں، فلائی اوور کی تعمیر کے بعد ٹریفک کی روانی نہ صرف بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کے وقت اور ایندھن کی بھی بچت ہوگی۔

اس موقع پر وزیر بلدیات آغا سراج درانی، وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد، ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید، پروجیکٹ ڈائریکٹر سید محمد طحہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ کراچی میں بیک وقت آٹھ فلائی اوورز کے کاموں کا آغاز کیا جارہا ہے جن میں سے چار فلائی اوورز شاہراہ پاکستان پر تعمیر کیے جائیں گے جن میں سے پہلے فلائی اوور کا آج سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جناح ٹرمینل فلائی اوور پر کام تیزی سے جاری ہے اور ان دونوں فلائی اوورز کو وقت مقررہ پر مکمل کرلیا جائے گا، گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ فلائی اوور پر24 گھنٹے کام کیا جائے جبکہ سروس روڈ کو فوری مکمل کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کراچی محمد حسین سید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس فلائی اوور میں تین لین آنے اور تین لین جانے کیلیے بنائی جائیں گی۔

اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ تعمیر کے دوران شہریوں کو تکلیف نہ ہو۔

مقبول خبریں