ذکا اشرف نے 19جون کو پیپلز پارٹی چھوڑ دی تھی، انکشاف

عباس رضا  بدھ 23 اگست 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: ذکا اشرف کی جانب سے 19 جون کو ہی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چھوڑنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پاس موجود دستاویز کے مطابق ذکا اشرف نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

یاد رہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ امور نے ذکا اشرف کی بطور چیِئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی تقرری کو سیاسی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس کو ایڈوائس کے لیے سمری بھجوا دی تھی، اس لیٹر میں الیکشن کمیشن کے ان احکامات کا ذکر کیا گیا ہے جن میں سیاسی تقرریاں رکھنے والے اداروں کے سربراہوں کو ہٹانے کا کہا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ذکا اشرف کو عہدے سے ہٹانے کی سمری وزیراعظم کو ارسال

واضح رہے کہ سابق پیٹرن اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ذکا اشرف کو پی سی بی گورننگ بورڈ میں نامزد کیا مگر معاملہ عدالت میں جانے پر الیکشن نہ ہوسکا۔

اس صورتحال میں ان کو 6 جولائی کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کے طور پر 4 ماہ کے لیے ذمہ داریاں سونپی گئیں، تقرری کا لیٹر بھی وزارت بین الصوبائی رابطہ امور نے ہی جاری کیا تھا، اب اسی وزارت کا ان کے تقرر پر اعتراض سامنے آیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔