ہفتہ رفتہ نئی فصل میں تاخیر سے ملکی منڈیوں میں روئی کے بھاؤ بڑھ گئے

مقامی قیمتیں 100تا200 روپے بڑھ کر7ہزار،اسپاٹ ریٹ 200روپے اضافے سے 6700روپے من تک پہنچ گئے۔


Ehtisham Mufti May 12, 2014
مقامی قیمتیں 100تا200 روپے بڑھ کر7ہزار،اسپاٹ ریٹ 200روپے اضافے سے 6700روپے من تک پہنچ گئے۔ فوٹو: فائل

موسمی تبدیلیوں سے کپاس کی نئی فصل کی آمد میں تاخیر، معیاری روئی کے ذخائرغیر معمولی طورپرکم ہونے کی اطلاعات اور روپے کی نسبت ڈالر کی قدرمیں استحکام کے باعث گزشتہ ہفتے پاکستان بھر میں روئی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان غالب رہا جبکہ سال 2014-15میں عالمی سطح پرکپاس کی پیداوار اور اینڈنگ اسٹاکس ابتدائی تخمینوں کے برعکس زیادہ ہونے سے متعلق یونائیٹڈ اسٹیٹس ڈپارٹمنٹ آف ایگریکلچر (یو ایس ڈی اے) کی جاری کردہ رپورٹس کے بعد نیویارک کاٹن ایکس چینج میں گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز روئی کی قیمتوں میں مندی کا تاثر نمایاں رہا۔

ممبر پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) احسان الحق نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ یو ایس ڈی اے کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2014-15 میں دنیا بھر میں روئی کی پیداوار 115.46 ملین بیلز (480پائونڈ) جبکہ اینڈنگ اسٹاکس 101.67 ملین بیلز (22.13 ملین ٹن) ہونگی جبکہ روئی کی کھپت کا تخمینہ 148.12ملین بیلز ہونگی۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک اور بڑے امریکی زرعی ادارے آئی سی اے سی نے 2014-15 کے آخر میں روئی کے اینڈنگ اسٹاکس 20.87 ملین ٹن بیلز ہونے کے بارے میں رپورٹ جاری کی تھی جس سے امریکی اداروں کی پیشگوئیوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پنجاب کے بیشتر اور سندھ کے بعض کاٹن زونز بارشوں کی زد میں رہے جس کے باعث کپاس کی کاشت کی گئی فصل کو کافی نقصان پہنچنے کے باعث بعض علاقوں میں کپاس کی کاشت دوبارہ ہونے سے کپاس کی نئی فصل کی آمد میں بھی دو سے تین ہفتوں کی تاخیر کی توقع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی خریداری کے زبردست رجحان کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں روئی کی قیمتیں 100سے 200 روپے فی من اضافے کے ساتھ نقد ادائیگی پر 6ہزار 800روپے جبکہ موخر ادائیگی پر 7ہزار روپے فی من تک پہنچ گئیں۔

جبکہ نیویارک کاٹن ایکسچینج میں حاضر ڈلیوری روئی کے سودے 1سینٹ فی پائونڈ کمی کے بعد 94.30 سینٹ فی پائونڈ ،جولائی ڈلیوری روئی کے سودے 1.96سینٹ فی پائونڈ کمی کے بعد 92.36سینٹ تک گر گئے جبکہ بھارت میں روئی کی قیمتیں معمولی مندی کے ساتھ 42ہزار 548روپے فی کینڈی، چین میں معمولی تیزی کے ساتھ 17ہزار 260یو آن فی ٹن جبکہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں روئی کے اسپاٹ ریٹ 200روپے فی من اضافے کے ساتھ 6ہزار 700روپے فی من تک پہنچ گئے۔

مقبول خبریں