قلت پر کنٹرول کیلیے بھارت سے بڑے پیمانے پر آلو کی درآمد شروع

یومیہ 150 سے 200 ٹن درآمد، لاہور کی منڈی میں 37 سے 38 روپے کلو کی تھوک قیمت پر فروخت جاری


Business Reporter May 12, 2014
اندرون سندھ اور کراچی میں مقامی آلو ہی فروخت ہورہا ہے، نرخ میں استحکام آیا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں آلو کی قلت دور کرنے کے لیے بھارت سے آلو کی بڑے پیمانے پر درآمد شروع کردی گئی ہے۔

درآمد کنندگان کے مطابق واہگہ کے راستے یومیہ 150سے 200ٹن آلو پاکستان پہنچ رہا ہے جو لاہور کی منڈی میں 37سے 38روپے فی کلو کی تھوک قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔ بھارت سے آلو کی درآمد گزشتہ ہفتے سے شروع ہوئی ہے۔ آئندہ دنوں میں درآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔ بھارتی آلو زیادہ تر پنجاب کے شہروں میں فروخت کیا جارہاہے۔

سندھ اور کراچی میں اب بھی مقامی آلو فروخت ہورہا ہے۔ بھارت سے آلو کی درآمد شروع ہونے کے بعد مقامی سطح پر آلو کی قیمت میں استحکام آیا ہے اور ذخیرہ کیے گئے آلو مارکیٹ میں لائے جانے سے قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے آلو کی طلب پوری کرنے کے لیے درآمدات پر عائد ڈیوٹی اور ٹیکسز ختم کردیے ہیں جبکہ پاکستان سے آلو کی ایکسپورٹ پر 25فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی گئی ہے۔