انگلش فٹبال چیمپئن کا تاج مانچسٹر سٹی کے سر سج گیا

مانچسٹر سٹی نے ویسٹ ہام یونائیٹڈ کو 2-0 سے پچھاڑ کر تین سیزن میں دوسرا پریمیئر لیگ ٹائٹل جیت لیا


Sports Desk/AFP May 12, 2014
ویسٹ ہام یونائیٹڈ کو2-0 سے پچھاڑ کر تین برسوں میں دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فوٹو: اے ایف پی

GILGIT: مانچسٹر سٹی نے ویسٹ ہام یونائیٹڈ کو 2-0 سے پچھاڑ کر تین سیزن میں دوسرا پریمیئر لیگ ٹائٹل جیت لیا۔

اتوار کو اتحاد اسٹیڈیم پر سٹی کو لیورپول پر برتری کیلیے صرف ایک پوائنٹ کی ضرورت تھی ، البتہ ہر ہاف میں سمیر ناصری اور ونسنٹ کومپانی کے گولز نے ان کا مشن واضح فوقیت سے پورا کردیا۔ فتح نے سٹی کے گولز کی تعداد 102 تک پہنچا دی جو چیلسی کے 2009-10 کے پریمیئر لیگ ریکارڈ سے صرف ایک کم ہے، کامیابی نے چلین مینوئل پیلیگرینی کو بھی ایک انگلش ٹاپ فلائٹ ٹائٹل جیتنے والا پہلا غیر یورپیئن منیجر بنادیا ہے۔ سٹی سے دو پوائنٹس کم دوسری پوزیشن پر پہنچنے والی لیور پول ٹیم نے ہوم گرائونڈ پر نیوکیسل یونائیٹڈ کیخلاف ہارتے ہوئے 2-1 سے کامیابی حاصل کرلی ، شولا امیوبی اور پال ڈمیٹ نے لیورپول کو جتانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈیوڈ سلوا، سرجیو اگیورو اور الیکسینڈر کولارؤ سٹی کیلیے خطرناک ثابت ہورہے تھے کہ ناصری نے یحییٰ طورے کے پاس پر 39 ویں منٹ میں گول کرکے سٹی کو برتری دلائی۔ ویسٹ ہام اسٹرائکر اینڈی کیرول نے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں سلوا کے شاٹ کو موڑتے ہوئے گیند کو جال میں پھینک کر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ دوسرے ہاف کو ابھی چند منٹ ہی گزرے تھے کہ کومپانی نے ایک کارنر سے سٹی کی فوقیت کو دگنا کردیا جو گیم کے اختتام تک برقرار رہی۔ لیگ کے آخری میچ میں 1990 کے بعد پہلا لیگ ٹائٹل جیتنے کی امید لگائے لیورپول کو 20 ویں منٹ میں اس وقت جھٹکا لگا جب مارٹن اسکرٹیل نے یوآن غفران کے کراس شاٹ کو اپنے ہی گول میں پھینک دیا۔ البتہ دوسرے ہاف میں دو منٹوں کے اندر ڈینیئل اگگر اور ڈینیئل اسٹورج کے کاربن کاپی گولز نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔