کراچی میں گٹکا مافیا کے درمیان فائرنگ سے راہگیر جاں بحق

بلدیہ ٹاؤن میں کاٹھیاواڑ کمیونٹی ہے جنہوں ںے علاقے کو گٹکا انڈسٹری بنایا ہوا ہے، تنازع اکبر سندھ اور اشرف سندھ میں ہوا


Staff Reporter September 18, 2023
(فوٹو: فائل)

بلدیہ ٹاؤن میں گٹکا مافیا کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ سے راہ گیر نوجوان جاں بحق ہوگیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے بلدیہ نمبر 5 ، طوفان کولڈرنک شاپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 23 سالہ شاہ رخ ولد عبد القدیر کے نام سے کی گئی۔


ایس ایچ او بلدیہ فیصل رفیق کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ کاٹھیا واڑی کمیونٹی کے دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران پیش آیا، فائرنگ کے دوران ایک راہ گیر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا، پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔


جاں بحق نوجوان کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ 23 سالہ شاہ رخ ولد عبد القدیر کی دو ماہ بعد شادی ہونے والی تھی، مقتول دو بہنوں اور دو بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور اسٹا ایکس چینج میں کام کرتا تھا، مقتول کے والد زری کا کام کرتے ہیں اور کام کے سلسلے میں لاہور گئے ہوئے تھے۔


علاقہ مکینوں نے شاہ رخ کو انتہائی شریف اور پنج وقتہ نمازی بتایا اور کہا کہ شاہ رخ فالتو کہیں نہ بیٹھتا تھا اور نہ ہی کہیں آتا جاتا تھا، وہ صرف کام پر اور مسجد جاتا تھا، واقعے کے وقت شاہ رخ ایک دوست کی دعوت ولیمہ سے واپس آیا، گلی کے کونے پر رکا تو فائرنگ شروع ہوگئی، آواز سن کر شاہ رخ موٹرسائیکل بغیر اسٹارٹ کیے پیدل ہی لے کر گھر کی طرف بھاگا تو فائرنگ کی زد میں آگیا۔


مکینوں کے مطابق دو افراد اسے بائیک پر بیچ میں بٹھا کر اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی۔


ایس ایچ او بلدیہ ٹاؤن فیصل رفیق کا کہنا تھا کہ علاقے میں کاٹھیاواڑ کمیونٹی کے افراد رہتے ہیں اور انہوں نے علاقے کو گٹکا ماوا کی انڈسٹری بنایا ہوا ہے، گٹکا ماوا فروخت کرنے والے اکبر سندھ اور اشرف سندھ میں لین دین کا تنازع تھا، دونوں افراد گٹکا ماوا کا کارخانہ چلاتے ہیں، اشرف سندھ کا تعلق لیاری سے ہے جو کافی اثرو رسوخ رکھتا ہے اس نے دو روز قبل لیاری سے کچھ لڑکے بلائے ہوئے تھے۔


ایس ایچ او کے مطابق ہفتے کو بھی دونوں گروپوں کے درمیان تصادم ہوا تھا جس میں ایک دوسرے کو چھری کے وار کر کے زخمی کردیا گیا تھا، اتوار کی شب اشرف کی جانب سے لیاری سے بلائے جانے والے لڑکوں نے علاقے میں اپنی دہشت پھیلانے کے لیے مخالف گروپ کے علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر نوجوان لڑکا شاہ رخ جاں بحق ہوا۔


ایس ایچ او نے بتایا کہ فائرنگ میں ملوث مرکزی ملزمان اکبر سندھ اور اشرف سندھ سمیت 6 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے