بیروزگاروں سے درخواستیں لینے کیلیے بیورو بنا دیا کمشنر کراچی

بیروز گاری پرقابو پانے کے لیے کمشنر آفس میں پلیسمنٹ بیورو قائم کردیا گیا ہے، شعیب احمد صدیقی


Business Reporter May 14, 2014
منافع خوروں کیخلاف مہم شروع کر دی، کراچی چیمبر کا دورہ، مسائل نمٹانے کیلیے رابطوں پر زور۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ شہر میں منافع خوروں کے خلاف منظم مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جوانتظامیہ کے مقررکردہ قیمتوں پراشیا کی فروخت تک جاری رہے گی جبکہ ناجائزمنافع خوروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2001 تا2012 کے دوران عوامی سطح پرقانون کی ریکارڈ خلاف ورزی دیکھنے میں آئی جس کی وجہ سے شہر میں گندی کے ڈھیر لگ گئے جو اتھارٹی کے لیے بڑا چیلنج ہے، قانون کی پاسداری کی ترغیب دینے اور صورتحال کو بہتر بنانے میں کچھ وقت ضرور لگے گا، بیروز گاری پرقابو پانے کے لیے کمشنر آفس میں پلیسمنٹ بیورو قائم کردیا گیا ہے جہاں بے روزگار نوجوانوں سے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔

کمشنر کراچی نے تاجربرادری کے مسائل کوحل کرنے کے لیے کراچی چیمبرآف کامرس کے ساتھ باہمی رابطے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ کمشنریٹ میں ایک رابطہ کاربورڈ قائم کردیا گیاہے جس میں فیڈریشن، سندھ حکومت، شہری انتظامیہ کے علاوہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے بھی شامل ہیں، بورڈ کا ماہانہ بنیادوں پر اجلاس منعقدہوگا جس کے مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے شہر میں بڑھتے ہوئی ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے لیے مؤثر نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔زبیر موتی والا، ہارون فاروقی اور چیمبرکے صدرعبداللہ ذکی نے شہری مسائل پر روشنی ڈالی ۔