پاک نیوزی لینڈ وارم اپ میچ بند دروازوں کے پیچھے ہوگا

سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ملی


Sports Reporter September 20, 2023
سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ملی (فوٹو: پی سی بی)

ورلڈکپ سے قبل حیدر آباد میں پاک نیوزی لینڈ وارم اپ میچ بند دروازوں کے پیچھے ہوگا۔

ورلڈکپ سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 29ستمبر کو حیدرآباد میں پریکٹس میچ میں تیاریوں کی جانچ کریں گی، راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں شیڈول مقابلے میں تماشائیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

سٹی پولیس نے حیدر آباد کرکٹ ایسوسی ایشن سے کہا تھا کہ مذہبی تہواروں کی وجہ سے سیکیورٹی فراہم کرنا مشکل ہوگا،لہٰذا اس میچ کو کہیں اور منتقل کردیا جائے۔

دوسری جانب آئی سی سی اور بی سی سی آئی بعض تبدیلیوں کے بعد شیڈول کو حتمی شکل دے چکے تھے، لاجسٹک مسائل کی وجہ سے وینیو کی تبدیلی ممکن نہیں تھی، اس لیے مسئلے کا حل یہی نکالا گیا کہ دونوں ٹیمیں بغیر کراؤڈ کے وارم اپ میچ کھیلیں۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا وارم اَپ میچ دوبارہ شیڈول کرنے کا مطالبہ

بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بند دروازوں کے پیچھے ایکشن میں ہوں گی،جو شائقین ٹکٹ خرید چکے ان کو رقم کی واپسی کا شیڈول بھی جلد جاری کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ میں حیدرآباد 9اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز کے مقابلے کا میزبان ہوگا، اگلے روز پاکستان اور سری لنکا کا میچ بھی اسی وینیو پر کھیلا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق ان میچز میں سخت حفاظتی حصار قائم ہوگا،3ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر مستعد ہوں گے، پاکستان ٹیم ہوٹل کے باہر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں