سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان اگلے ماہ متوقع

جی 20 میں شرکت پر پڑائوکرنا تھا،دفتر خارجہ نے باضابطہ دورے کی دعوت کا مشورہ دیا


Kamran Yousuf September 20, 2023
دونوں ملک دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کیلیے باہم رابطے میں ہیں، ذرائع۔ فوٹو : فائل

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا متوقع دورہ اب اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے.

سرکاری ذرائع نے منگل کے روز بتایا کہ پاکستان کئی ماہ سے سعودی حکمران کے دورے کی کوشش کر رہا ہے، سعودی ولی عہد نے حال ہی میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کیلیے بھارت کا دورہ کیا۔اطلاعات تھیں کہ وہ اسلام آباد میں مختصر قیام کر سکتے ہیں لیکن بعد میں یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ نے مشورہ دیا کہ سعودی ولی عہد کے چند گھنٹوں کے پڑائو کے بجائے بہتر ہے کہ انہیں بعد کی تاریخوں میں پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی جائے۔

ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ دونوں ملک دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کیلیے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں،توقع ہے کہ سعودی ولی عہد اکتوبر کے پہلے ہفتے پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں، سعودی ولی عہد کے ممکنہ دورہ کی وجہ سے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنا دورہ سعودی عرب ملتوی کردیا، انہیں نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے قبل سعودی عرب کا دورہ کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد جلد پاکستان آئیں گے، جلیل عباس جیلانی

معاشی بحران کے پس منظر میں پاکستان کی سعودی ولی عہد کے دورے سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں،پاکستانی حکام کو پرامید ہیں کہ سعودی ولی عہد کا ممکنہ دورہ انتہائی اہم سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا جس سے اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ سعودی فرمانروا کے دورے کے دوران دونوں جانب سے سرمایہ کاری کے بڑے منصوبوں کا اعلان متوقع ہے۔ ایک منصوبے میں گوادر میں آئل ریفائنری کا قیام بھی شامل ہے،کئی ارب ڈالر کے اس منصوبے کا اعلان فروری 2019 میں سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران کیا گیا تھا۔

تاہم پی ٹی آئی حکومت اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی اور دوسری وجوہات کی بنا پر مذکورہ منصوبے پر مزید پیش رفت نہ ہو سکی۔ تاہم موجودہ فوجی قیادت کی جانب سے خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری حاصل کرنے کوششوں کے دوران اس منصوبے کو بحال کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے