ورلڈکپ میں شرکت کیلئے قومی کرکٹ ٹیم بھارت پہنچ گئی
حیدرآباد دکن ایئرپورٹ پر بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد پاکستان ٹیم کو دیکھنے پہنچی، سخت سیکیورٹی انتظامات
آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم کی قیادت میں بھارت پہنچ گئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم سات سال بعد بھارت پہنچی ہے۔ آخری بار پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2016 میں ٹی20 ورلڈکپ کیلئے شاہد آفریدی کی قیادت میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ٹیم بھارت میں کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منگل کی رات روانہ ہوئی تھی۔ 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ 3 ریزرو کھلاڑی، کوچز اور معاون عملہ سمیت 13 ارکان بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
قومی ٹیم کا اسکواڈ بھارت کے شہر حیدرآباد دکن کے ایئرپورٹ پہنچا جہاں پر بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لیے موجود تھی جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ؛ ٹاپ فور چھوٹا ہدف ہے، فاتح ہوکر واپس آنا چاہتے ہیں، بابراعظم
بولنگ کوچ مورنے مورکل دبئی میں جوائن کریں گے جب کہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر 30 ستمبر کو براہ راست بھارت پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ؛ قومی ٹیم کی روانگی کب ہوگی، شیڈول سامنے آگیا
دبئی میں 9 گھنٹے قیام کے بعد قومی اسکواڈ بھارتی وقت کے مطابق رات 8:15 حیدرآباد پہنچ گیا۔ گرین شرٹس کا پہلا وارم اپ میچ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ سے ہوگا۔