ورلڈکپ؛ ٹاپ فور چھوٹا ہدف ہے، فاتح ہوکر واپس آنا چاہتے ہیں، بابراعظم

ویب ڈیسک  منگل 26 ستمبر 2023
روایتی حریف کے خلاف میچ کا کوئی دباؤ نہیں لے رہے تمام میچز میں جیتنے کی کوشش کریں گے، کپتان (فوٹو: پی سی بی)

روایتی حریف کے خلاف میچ کا کوئی دباؤ نہیں لے رہے تمام میچز میں جیتنے کی کوشش کریں گے، کپتان (فوٹو: پی سی بی)

قومی کرکٹ ٹیم کپتان بابراعظم نے اعتراف کیا کہ ایشیاکپ میں خراب کارکردگی سے سیکھا ہے، ٹیم کا مورال بلند ہے۔ وارم اَپ میچز میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابراعظم نے کہا کہ پہلی بار ہندوستان کی سرزمین پر کھیلوں گا، ٹیم کے کئی پلئیرز کو وہاں کا تجربہ نہیں لیکن ہم نے سنا ہے کہ حالات اسی طرح کے ہیں جیسے وہ دوسرے ایشیائی ممالک میں کھیلتے ہیں، روایتی حریف کے خلاف میچ کا کوئی دباؤ نہیں لے رہے تمام میچز میں جیتنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ میں بطور مجموعی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے لیکن انفرادی طور پر اور ایک ٹیم کے طور پر اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے، دونوں ٹورنامنٹ بلکل مختلف ہیں اس لیے اسی کے مطابق منصوبہ بندی کریں گے۔

مزید پڑھیں: شاہین سے جھگڑے کی خبروں پر بابراعظم نے کُھل کر بات کردی

بابراعظم کا سیمی فائنل میں پہنچنے سے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ ٹاپ فور ہمارے لیے ایک چھوٹا ہدف ہے، ہم فاتح کے طور پر واپس آنا چاہتے ہیں۔ ہمارے پاس اتنا وقت نہیں تھا کہ ہم ورلڈکپ سے پہلے کیمپ لگا سکیں کیونکہ ہم بہت طویل عرصے سے مسلسل کھیل رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کے حوالے سے کہا کہ بلاشبہ ہم نسیم شاہ کی کمی محسوس کریں گے کیونکہ شاہین اور نسیم کی جوڑی نے ہمیں بولنگ میں بہت ایڈوانٹیج دیا تھا، انکا متبادل کو چننا آسان نہیں تھا، حسن علی کو اس لیے اسکواڈ کا حصہ بنایا کہ انہیں ورلڈکپ کھیلنے کا تجربہ ہے۔

مزید پڑھیں: نسیم کے کندھے کی سرجری ہوگی، بحالی فٹنس کیلیے 4 ماہ درکار

اسپنرز کی کارکردگی سے متعلق سوال پر بابراعظم نے کہا کہ ہمارے یونٹ پر کافی تنقید ہوئی، ان کے کچھ برے دن گزرے ہیں لیکن وہ عام کھلاڑی نہیں ہیں۔پاکستانی ٹیم کے لیے کھیلنا آسان نہیں ہے، وہ اپنی کارکردگی کی بدولت یہاں تک پہنچے ہیں۔ مجھے ان پر پورا بھروسہ ہے۔

مزید پڑھیں: نسیم شاہ کی غیرحاضری میں بھی ورلڈکپ کیلیے پاکستانی پیس اٹیک مضبوط قرار

پاکستان شائقین کرکٹ سے متعلق بابراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے! ہم مداحوں کی کمی محسوس کریں گے، اگرچہ ہم ہندوستان میں کھیل رہے ہیں لیکن اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کی محبت کو سوشل میڈیا پر سنا جائے۔ میں نے سنا ہے کہ بھارتی شائقین بھی اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں حالانکہ میں نے ابھی تک ایسا تجربہ نہیں کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔