برازیل میں مظاہرین نے ورلڈ کپ وینیوز کے باہر ڈیرے ڈال دیے

اہم شاہراہ بلاک، ٹائروں کو آگ بھی لگائی،پولیس خاموش تماشائی بنی کھڑی رہی


Sports Desk/AFP May 16, 2014
سائوپائولو : کورنتھیانز اسٹیڈیم کے سامنے ورلڈ کپ کیخلاف مظاہرہ جاری، اس دوران ٹائر بھی نذر آتش کیے گئے ، پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے کھڑے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

فٹبال ورلڈ کپ سے قبل برازیل میں مظاہروں، بس ڈرائیوروں اور پولیس کی ہڑتالوں سے سنگین بحران پیدا ہوگیا ، مظاہرین نے ورلڈ کپ میزبانی کیخلاف وینیوز کے باہر ڈیرے ڈال دیے ۔

تفصیلات کے مطابق برازیل کے شہروں میں جمعرات کو ہڑتالوں کا دور دورہ تھا ، مظاہرین کی ایک بڑی تعداد نے ورلڈ کپ میزبانی پر اٹھنے والے اخراجات کے خلاف اور بہتر عوامی خدمات کیلیے ساؤپاؤلو کے کورنتھیانز اسٹیڈیم کے سامنے زبردست احتجاج کیا، انھوں نے ایک اہم شاہراہ کو بلاک کیا اور ٹائروں کو آگ بھی لگائی ، پولیس اس دوران خاموش تماشائی بنی کھڑی رہی۔ ارینا کورنتھیانز میں 12 جون کو برازیل اور کروشیا کے درمیان میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ شیڈول ہے۔ مظاہرین میں ہوم لیس ورکرز موومنٹ سمیت مختلف گروپس کے افراد موجود تھے ۔

تعمیرات کے دوران خاندانوں کو بے گھر کرنے کی وجہ سے ارینا کو ہدف کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بس ڈرائیورز نے عدالت کے اس حکم کی بھی کوئی پروا نہیں کی جس میں ان سے کم درجے کی سروس فراہم کرنے کیلیے کہا گیا تھا، پولیس کی جانب سے بھی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں اضافے کیلیے جاری تین روزہ ہڑتال کا دائرہ پورے ملک میں بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ وفاقی پولیس سرحدوں کی حفاظت اور امیگریشن سروسز پر مامور ہے، ہڑتال کی دھمکی سے تقریباً 6 لاکھ غیر ملکیوں پر بُرا اثر پڑے گا ۔