وزیر اعظم کا دورہ بھارت کراچی حصص مارکیٹ میں 29 ہزار کی حد بحال

غیرملکی خریداروں کی13لاکھ ڈالر سرمایہ کاری، انڈیکس 264 پوائنٹس کے اضافے سے 29020 پرپہنچ گیا


Business Reporter May 27, 2014
197کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں،128کے دام نیچے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

حصص کی تجارت پرکیپٹل گینز ٹیکس کی شرح نہ بڑھانے سے متعلق اطلاعات اور وزیراعظم نوازشریف کی دورہ بھارت سے سرمایہ کاروں میں مثبت توقعات کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کوبھی تیزی کے اثرات غالب رہے اور 29000 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ۔

تاہم بجٹ کے منتظرسرمایہ کاری کے بیشترشعبوں کی دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی کے سبب ٹرن اوور کم رہا، تیزی کے سبب 56.28 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 63 ارب 75 کروڑ80 لاکھ87 ہزار 905 روپے کا اضافہ ہوگیا، ابتدائی اوقات میں حصص کی خریداری بڑھنے سے ایک موقع پر285 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن فوری منافع کے حصول پر دباؤ بڑھنے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی، ٹریڈنگ کے دوران میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگرآرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر50 لاکھ43 ہزار789 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا ۔

جبکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے12 لاکھ89 ہزار993 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے24 لاکھ16 ہزار573 ڈالر اور بینکوں و مالیاتی اداروں کی جانب سے13 لاکھ37 ہزار223 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی ۔

جس سے مارکیٹ کا بلندگراف مستحکم رہا،کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس264.48 پوائنٹس کے اضافے سے29020.48 ہو گیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 179.55 پوائنٹس کے اضافے سے 19867.90 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 294.98 پوائنٹس کے اضافے سے 45893.73 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت14.98فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر11 کروڑ8 لاکھ93 ہزار560 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار350 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں197 کے بھاؤ میں اضافہ، 128 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔