’’سُر ساتھ سویرا‘‘ کی میزبان دعا نے فنی سرگرمیاں چھوڑ دیں

سسرال سے کوئی پابندی نہیں، شادی کے دو ماہ بعد معمول کے مطابق کام شروع کردوں گی، دعا ملک


Qaiser Iftikhar May 30, 2014
ایکسپریس نیوز کے مارننگ شوکی میزبان دعا ملک کی سہیل حیدرکیساتھ منگنی کے موقع پرلی گئی تصویر۔

''ایکسپریس نیوز'' کے مقبول ترین مارننگ شو' سُرساتھ سویرا ' کی میزبان اوربین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ ماڈل عمائمہ ملک کی چھوٹی بہن دعا ملک نے آئندہ ماہ اپنی شادی کی تیاریوں کی وجہ سے فنی سرگرمیوں کو خیرباد کہہ دیا۔

دعاملک کی شادی کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف میوزک کمپوزراورگلوکارسہیل حیدرسے طے پائی ہے۔ 14 جون کورسم حنا جب کہ 17 جون کو بارات اور دعوت ولیمہ 18جون کوکراچی میں ہوگی۔ چھوٹی بہن کی شادی کی تاریخ فائنل ہونے پرعمائمہ ملک بھی بھارت سے واپس پاکستان پہنچ چکی ہیں اور شادی تک انھوں نے بھی اپنی فنی سرگرمیاں محدود کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ''ایکسپریس نیوز'' کے مارننگ شو ' سُرساتھ سویرا' سے شہرت پانیوالی میزبانی دعا ملک نے اپنی شادی کی تیاریوں کوحتمی شکل دینے کے لیے دوماہ کے لیے شوبز کوخیرباد کہہ دیا ہے۔ وہ ان دنوں اپنی فیملی کے ہمراہ شاپنگ سمیت دیگرانتظامات میں مصروف ہیں۔ رسم حنا کے لیے خاص انتظامات ترتیب دیے جارہے ہیں جس کے لیے عمائمہ ملک بھی بھارت سے واپسی کراچی پہنچ چکی ہیں ۔ وہ بھی دعا ملک کے ساتھ ان کے شادی کے جوڑے، جیولری، جوتوں سمیت دیگرسامان کی خریداری میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ شادی میں شرکت کے لیے کراچی سمیت ملک بھر میں ان کے قریبی عزیزواقارب ، ساتھی فنکاروں اوردیگر کودعوت نامے بھی بجھوائے جارہے ہیں۔

دعا ملک نے ''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ میں نے اپنی شادی کی تاریخ فائنل ہونے کی وجہ سے تمام فنی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں اورمیں آئندہ دو ماہ تک کسی بھی شوبزسرگرمی میں حصہ نہیں لوںگی۔ لیکن دو ماہ بعد میں معمول کے مطابق شوبز میں کام شروع کرونگی۔ مجھے سسرال والوں اورہونیوالے شوہر سہیل حیدرکی طرف سے شوبز میں کام کرنے سے کسی قسم کی کوئی پابندی کا سامنا نہیں ہے۔