غیرملکی خریداری کے بعد حصص مارکیٹ نئی بلند ترین سطح پرآگئی

انڈیکس 194 پوائنٹس اضافے سے 29 ہزار 737 کی سطح پر جبکہ مارکیٹ سرمایہ 38 ارب روپے بڑھ گیا


Business Reporter May 31, 2014
انڈیکس 194 پوائنٹس اضافے سے 29 ہزار 737 کی سطح پر جبکہ مارکیٹ سرمایہ 38 ارب روپے بڑھ گیا۔ فوٹو: آن لائن/فائل

قبل ازبجٹ غیرملکیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری، نئے بجٹ میں کیپٹل گینز ٹیکس کی شرح7.5 کے بجائے صرف2.5 فیصد بڑھنے کی اطلاعات اور ایم ایس سی آئی میں شامل 14 کمپنیوں میں خریداری بڑھنے سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا ۔

جس سے انڈیکس پہلی بار 29737.69 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ حصص کی مالیت میں 38 ارب33 کروڑ73 لاکھ87 ہزار 668 روپے کا اضافہ ہوگیا، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے77 لاکھ98 ہزار92 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے12 لاکھ52 ہزار513 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس194.11 پوائنٹس کے اضافے سے 29737.69 ہوگیا ۔

جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 124.70 پوائنٹس کے اضافے سے 20352.35 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 261.70 پوائنٹس کے اضافے سے46986.24 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 5.84 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر33 کروڑ8 لاکھ14 ہزار 860 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار374 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 165 کے بھاؤ میں اضافہ،192 کے داموں میں کمی اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔