عمران خان عوام کو گمراہ کرنا چھوڑ دیں خواجہ سعد رفیق

عمران خان گلی ڈنڈے کی سیا ست سے باہر آکر سنجیدہ سیاست کریں، وفاقی وزیر ریلوے


INP May 31, 2014
عمران اور طاہر القادری منصوبے کے تحت حکومت کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں فوٹو:اے پی پی/فائل

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان گلی ڈنڈے کی سیاست سے باہر آ کر سنجیدہ سیاست کریں۔

عوام کو گمراہ کرنا چھوڑ دیں' عوام ان کے عزائم جان چکے ہیں، عمران خان اور طاہر القادری منصوبے کے تحت انتخابات میں دھاندلی کا جھوٹا واویلا کر کے پاکستان میں ایک مستحکم جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، وہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ لاہور ڈویژن کے صدر چوہدری خلیل احمد ورک ضلعی سیکریٹری اطلاعات محمد یعقوب سندھو کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک کو اس وقت جتنے اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔

مگر حیرت کی بات ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری منصوبے کے تحت انتخابات میں دھاندلی کا جھوٹا واویلا کرکے پاکستان میں ایک مستحکم جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، اگر عمران خان کو انتخابات میں پورے ملک میں دھاندلی نظر آتی ہے تو پھر وہ خیبر پختونخوا میں کس قانون کے تحت حکومت چلا رہے ہیں۔

اگر ان کو دیگر صوبوں میں حکومت نہیں ملی تو کیا یہاں دھاندلی ہوئی ہے؟ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنی بااعتماد ٹیم کے ساتھ دن رات سخت محنت کر کے قائد اعظم کے پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنا کر ترقیاتی کاموں کے جال بچھا کر ہنگامی بنیادوں پر مکمل کروا رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ دونوں خود ساختہ لیڈر جتنے مرضی بڑے جلسے کر لیں، وہ عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، انھوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ (ن) لیگ کا پیغام پہنچائیں، تاکہ عوام کو ایسے شعبدہ باز سیاست دانوں کا اصل چہرہ نظر آسکے۔