حصص مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد محدود تیزی

بجٹ اطلاعات کے مارکیٹ پراثرات،بڑے پیمانے پربیرونی خریداری، انڈیکس 52 پوائنٹس اضافے سے ریکارڈ 29 ہزار 789 ہوگیا ۔۔۔


Business Reporter June 03, 2014
بجٹ اطلاعات کے مارکیٹ پراثرات،بڑے پیمانے پربیرونی خریداری، انڈیکس 52 پوائنٹس اضافے سے ریکارڈ 29 ہزار 789 ہوگیا۔ فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منافع کے حصول کے باعث پیر کو اتارچڑھائو کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رونما ہوئی جس سے پہلی بار انڈیکس 29789 پوائنٹس تک پہنچ گیا تاہم آل شیئرانڈیکس میں کمی کی وجہ سے حصص کی مالیت 1 ارب98 کروڑ53 لاکھ11 ہزار991 روپے کم ہو گئی جبکہ48.25 فیصد حصص کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی۔

کاروباری دورانیہ میں وفاقی بجٹ کے حوالے سے مختلف نوعیت کی منفی ومثبت اطلاعات زیرگردش رہیں جس کے اثرات وقفے وقفے سے مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ایک موقع پر185.02 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس29922.71 پوائنٹس کی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گیا تھا لیکن بعدازاں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے ایک موقع پر165.01 پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس29572 پوائنٹس کی سطح پر آگیا تھا تاہم اختتامی لمحات میں سیمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں خریداری بڑھنے سے انڈیکس میں محدود پیمانے پر اضافہ ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگرآرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر1 کروڑ30 لاکھ64 ہزار859 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے1 کروڑ7 لاکھ23 ہزار845 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے23 لاکھ 41 ہزار13 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، اس اتارچڑھائو کے رحجان کے باوجودکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 52.16 پوائنٹس کے اضافے سے29789.85 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس61.71 پوائنٹس کے اضافے سے20414.06 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 226.94 پوائنٹس کے اضافے سے47213.18 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 18.27فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر27 کروڑ3 لاکھ 42 ہزار500 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 373 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں175 کے بھائو میں اضافہ 180 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں فضل ٹیکسٹائل کے بھائو38.10 روپے بڑھ کر800.22 روپے اور سینوفی ایونٹیز کے بھائو25 روپے بڑھ کر970 روپے ہوگئے جبکہ باٹا پاکستان کے بھائو90 روپے کم ہوکر3607 روپے اور نیسلے پاکستان کے بھائو73.75 روپے کم ہوکر8055 روپے ہوگئے۔