ورلڈ کپ وارم اپ میچ جاپان نے کوسٹاریکا کو ٹھکانے لگا دیا

اختتامی10 منٹ میں کپتان ہونڈا اور یوشیرو کے گولز فیصلہ کن ثابت ہوئے، فاتح سائیڈ اب جمعے کو زیمبیا سے ٹکرائے گی


AFP June 04, 2014
اختتامی10 منٹ میں کپتان ہونڈا اور یوشیرو کے گولز فیصلہ کن ثابت ہوئے، فاتح سائیڈ اب جمعے کو زیمبیا سے ٹکرائے گی فوٹو: فائل

لاہور: ورلڈ کپ فٹبال وارم اپ میچ میں جاپان نے کوسٹاریکاکو 3-1 سے ٹھکانے لگا دیا۔

80 منٹ تک1-1سے برابر رہنے والے مقابلے میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹار اسٹرائیکر شنجی کاگوا نے گول داغ کر جاپان کو برتری دلائی، جس کے بعد بطور متبادل میدان میںاتارے جانے والے یوشیرو کاکیٹینی نے اختتامی منٹ میں گیند کو جال میں پہنچاکر ایشین چیمپئن کی فتح کا اسکور 3-1 کر دیا۔ جاپانی ٹیم برازیل میںشیڈول میگا ایونٹ کے گروپ 'سی ' میں شامل ہے۔

جہاں اس کی آزمائش کولمبیا، یونان اور آئیوری کوسٹ سے ہوگی،کوسٹاریکاگروپ ' ڈی ' میں یوروگوئے، انگلینڈ اور اٹلی سے ابتدائی میچز کھیلے گا، ڈچ کلب پی ایس وی کیلیے بھی خدمات انجام دینے والے کوسٹاریکن کپتان برائن روئز نے جاپان کیخلاف31ویں منٹ میں گول داغ کر ٹیم کو برتری دلائی، انھوں نے جاپانی دفاعی کھلاڑی یاشویوکی کونو کے پاس پر گیند کو درمیان میں اچکنے کے بعد جال میں پہنچادیا، یہ برتری پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

اس دوران جاپانی اسٹرائیکرز ہونڈا اور اوکوبو نے حریف ٹیم پرکئی حملے کیے،کھیل کے24 ویں منٹ میں ہونڈا کی کک پر گیندگول پوسٹ کے دائیں جانب سے باہر چلی گئی،اگلے ہی منٹ میں اوکوبوکا حملہ نیواس نے ناکام بنا دیا۔ یاشوہیٹو اینڈونے60 ویں منٹ میں جوابی گول داغ کر مقابلہ برابر کیا، جاپانی کپتان کیوسیک ہونڈا نے بائیں پاؤں سے کک لگاکر پنالٹی ایریا میں اینڈو تک گیند پہنچائی، جس پر انھوں نے کپتان کے اعتماد پرپورا اترتے ہوئے باآسانی اسے جال کی راہ دکھادی،80 منٹ تک 1-1سے برابررہنے والے مقابلے میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹار اسٹرائیکر شنجی کاگوا نے گول داغ کر جاپان کوبرتری دلائی۔

پنالٹی ایریا میں پاس ملنے کے بعد شنجی نے اپنا توازن قائم رکھتے ہوئے دائیں پاؤں سے کک لگاکرگیندکوہدف تک پہنچا دیا، اس موقع پر حریف گول کیپر کیلور نیواس مکمل طور پر بے بس دکھائی دیے، اس کے بعد بطور متبادل76ویں منٹ میں میدان میںاتارے جانے والے یوشیرو کاکیٹینی نے اختتامی منٹ میں گیند کو جال میں پہنچاکر ایشین چیمپئن کی فتح کا اسکور 3-1 کردیا، جاپانی ٹیم اسی شہر میں جمعے کو زیمبیا سے اپنا آخری وارم اپ میچ کھیلنے کے بعد ہفتے کو برازیل کا سفراختیارکریگی، دوسری جانب کوسٹاریکاکی ٹیم جمعے کو ہی فلاڈیلفیا میں آئرلینڈ کیخلاف میدان سنبھالے گی۔