پشاور فضائیہ کی گاڑی کے قریب کار بم دھماکا 10افراد جاں بحق 25زخمی

فضائیہ کی گاڑی جونہی پارک کی گئی بارود بھری کارکے قریب پہنچی توریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیاگیا،4گاڑیاں،10دکانیںتباہ


Numaindgan Express September 20, 2012
پاک فضائیہ کی وین جوپشاور کے قریب اسکیم چوک پر کار بم دھماکے سے تباہ ہوگئی۔ فوٹو: اے ایف پی

پشاورکے نواحی علاقہ اسکیم چوک میں کوہاٹ روڈ پر پاک فضائیہ کی گاڑی کے قریب کاربم دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور پاک فضائیہ کے 6 ملازمین سمیت 25 زخمی ہوگئے۔

ایس پی رورل خورشید خان نے دھماکے میں 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شرپسندوں نے اسکیم چوک کے قریب بارود سے بھری ایک کارکھڑی کی تھی جس کو ریموٹ کنٹرول سے اڑادیاگیا ، عینی شاہدین کے مطابق پاک فضائیہ کی ایک گاڑی جو بڈھ بیر ائیربیس جارہی تھی جب پارک کی گئی کارکے قریب پہنچی تودھماکا ہوگیا جس سے فضائیہ اور دیگر 3 گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ 10دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

اے آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک کے مطابق دھماکے میں50کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق پولیس اہلکار گل سید نے بتایا کہ زیادہ تر ہلاکتیں دھماکے میں تباہ ہونیوالی مسافر گاڑی میں ہوئی ہیں جو پشاور سے کوہاٹ جارہی تھیں، بڈھ بیر پولیس اسٹیشن کے انچار نسیم حیات نے بتایا کہ ہدف فضائیہ کی گاڑی ہی تھی، پاک فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکے میں فضائیہ کی ایک منی وین متاثر ہوئی ہے جس میں ڈرائیور سمیت 3 سول ملازمین معمولی زخمی ہوئے۔

دھماکے کے بعد پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے اسکیم چوک کا دورہ کیا اور جائے وقوعہ کی وڈیو بنائی۔ پولیس نے 15 مشکوک افراد گرفتار کرلیے۔ ابھی تک کسی نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ صدرآصف علی زرداری، وزیراعظم راجا پرویز اشرف، گورنر ووزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، میاں نواز شریف، شہباز شریف، چوہدری شجاعت ،چوہدری پرویز الٰہی، عمران خان، منورحسن، الطاف حسین، اسفندیار ولی اور دیگر رہنمائوں نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔دریں اثنا حساس اداروں کے مطابق دھماکا کالعدم تحریک طالبان طارق آفریدی گروپ کی کارروائی ہے۔