فرنچ اوپن آج سیمی فائنل میں نڈال اور مرے کا سامنا

مرے77 سال بعد فائنل میں رسائی پانے والے پہلے برطانوی پلیئر بننے کے خواہاں


Sports Desk/AFP June 06, 2014
اینڈی مرے نے گذشتہ برس ومبلڈن ٹائٹل حاصل کرکے برطانیہ کے 77 سالہ انتظار کو ختم کیا تھا۔ فوٹو : اے ایف پی

فرنچ اوپن مینز ٹینس کے سیمی فائنل میں آج رافیل نڈال اور اینڈی مرے آمنے سامنے ہوں گے۔

اینڈی مرے77 سال بعد ایونٹ کے فائنل میں رسائی پانے والے پہلے برطانوی پلیئر بننے کے خواہاں ہیں،1937میں بنی آسٹن نے آخری بار یہ اعزاز پایا تھا،اس سے 2 برس قبل فریڈ پیری ٹائٹل جیتنے والے ملک کے واحد کھلاڑی بنے تھے، اینڈی مرے نے گذشتہ برس ومبلڈن ٹائٹل حاصل کرکے برطانیہ کے 77 سالہ انتظار کو ختم کیا تھا، مگر ان کیلیے حالیہ ہدف کا حصول آسان نہیں،حریف کھلاڑی نڈال 8 مرتبہ کے چیمپئن ہیں،27 سالہ مرے کو 2011 میں اسی مرحلے میں بغیر کوئی سیٹ جیتے نڈال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

درحقیقت نڈال کیخلاف 5-14 کا کیریئر ریکارڈ رکھنے والے مرے کلے کورٹ پر اسپینش پلیئر کیخلاف اپنے تمام پانچوں میچز ہار چکے ہیں، دوسری جانب پیرس میں نڈال اب تک 64 میں سے صرف ایک میچ میں ہی ناکام رہے ہیں، وہ اب مسلسل5 رولینڈ گیروس ٹائٹلز جیت کر پہلا پلیئر بننے کی کوشش کررہے ہیں،اپنے حق میں اعداد وشمار نہ ہونے کے باوجود مرے کو یقین ہے کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر نڈال کو نیچا دکھا سکتے ہیں، انھوں نے کہاکہ میں واضح طور پر اب ان ٹورنامنٹس کو جیتنے کے بارے میں جانتا ہوں ۔

اس سے قبل مجھے یہ معلوم نہیں تھا ، میں سخت جدوجہد کررہا تھا لیکن کامیاب نہیں ہوسکا، اب یہ روایت توڑ دوں گا۔ نڈال کو بھی مرے کے خطرے کا علم ہے، 28 سالہ اسپینش پلیئر نے کہاکہ مرے ہر کورٹ پر اچھا کھیل سکتے اور رولینڈ گیروس پر جیت کے امیداوار ہیں ۔ جمعے کو دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر2 نوواک جوکووک کو لٹویا کے ارنسٹ گلبز کا چینلج درپیش ہوگا،وہ اہم مقابلوں کا پہلا سیمی فائنل کھیل رہے ہیں ۔ جوکووک مسلسل چوتھی مرتبہ فرنچ اوپن کے فائنل فور میں شامل ہوئے، وہ2012 میں نڈال سے شکست کے بعد رنر اپ رہے تھے۔