فیفا ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں آرمینیا کیخلاف جرمنی کو فتح مہنگی پڑ گئی

آرمینیا کیخلاف وارم اپ میچ کے دوران جرمنی کے اسٹرائیکر مارکو ریوز ٹخنے کی انجری پیش آنے پر ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے،


AFP/Sports Desk June 08, 2014
میانز: آرمینیا کیخلاف میچ میں انجرڈ ہونیوالے جرمن فٹبالر ریوز کوگراؤنڈ میں طبی مدد دی جارہی ہے ۔ فوٹو : اے ایف پی

ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں آرمینیا کیخلاف 6-1 سے فتح جرمنی کو مہنگی پڑگئی۔اس مقابلے میں ان کے اہم اسٹرائیکر مارکو ریوز ٹخنے کی انجری سے دوچار ہوکر برازیل ایونٹ سے باہر ہوگئے، ساؤ پاؤلو میں میزبان برازیل نے سربیا کیخلاف 1-0 سے کامیابی حاصل کرلی، فیصلہ کن گول فریڈ نے بنایا، فلوریڈا پر جاپان نے زیمبیا کو4-3 سے قابو کرلیا، ہونڈا نے2 گول داغے، دیگر میچز میں یونان نے بولیویا کو2-1 سے مات دی، کوسٹا ریکار اور آئرلینڈ کا مقابلہ1-1 سے برابر رہا، پرتگال نے میکسیکو کو1-0 سے اپنا شکار بنالیا

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں جرمنی کو آرمینیا کیخلاف 6-1 سے فتح مہنگی پڑگئی۔ ان کے اہم اسٹرائیکر مارکو ریوز ٹخنے کی انجری پیش آنے پر ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے، بورسیا ڈورٹمنڈ کیلیے کھیلنے والے25 سالہ مارکو ریوز کو ' رولز ریوز ' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، وہ جرمنی کیلیے اب تک21 مقابلوں میں7 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کامیاب رہے ہیں، آرمینیا کیخلاف میچ میں ہاف ٹائم سے قبل انھیں ٹخنے کے جوڑ میں تکلیف پیش آگئی، جس پر انھیں میڈیکل اسٹاف کی مدد سے گراؤنڈ سے باہر آنا پڑا تھا، جس کے بعد اسپتال میں ان کے مختلف اسکین ٹیسٹ کیے گئے۔

جس میں ان کے ٹخنے میں نقصان ظاہر ہواہے ،جرمن کوچ جوکیم لیو نے مارکو کے ان فٹ ہوجانے کو اپنی ٹیم کیلیے بڑا دھچکا قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ مارکو خود بھی ورلڈ کپ سے باہر ہوجانے پر مایوس ہوں گے لیکن ان کی عدم دستیابی ہمارے لیے بھی بڑا دھچکا ہے، لیو نے22 سالہ سینٹرل دفاعی کھلاڑی شوکدرن مستافی کو اسکواڈ میں طلب کرلیا ہے، وہ اس سے قبل محض ایک مرتبہ نیشنل ٹیم کی نمائندگی کرپائے ہیں ، مستافی سمپوڈریا میں آنے سے قبل انگلش پریمیئر لیگ کلب ایورٹن میں بھی کھیلتے رہے ہیں۔

انھیں گذشتہ ہفتے اعلان کردہ حتمی23 رکنی اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا تھا، جرمن کوچ لیو نے مزید کہاکہ مستافی نے اٹلی میں منعقدہ ٹریننگ کیمپ میں ہمارے ساتھ شرکت کی تھی، وہ اس صورتحال میں بہترین متبادل ہیں، تاہم ریوز کی پوزیشن پر میدان میںاتارنے کیلیے ہمارے پاس کئی آپشنز موجود ہیں، جسمیں تھامس مولر، ماریو گوئٹز، لوکاس پوڈولسکی، آندرے شیرلی، اور جولین ڈریکسلر شامل ہیں، تاہم میں سمجھتا ہوں کہ دفاعی پلیئرزکے یلو اور ریڈ کارڈز پانے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے اسی لیے مستافی کا انتخاب ہمارے لیے بہترین ہوگا، آرمینیا کیخلاف ہوم گراؤنڈ پر منعقدہ اختتامی وارم اپ میچ میں جرمنی نے6-1 سے فتح پائی، گوئٹز نے 2جبکہ پوڈولسکی، ہووئیڈز، کلوز اور شیرلی نے ایک ایک مرتبہ گیند کو جال کے سپردکیا، مہمان ٹیم کا واحد گول میکتیارن نے پنالٹی پر بنایا۔نیوجرسی میں یونان نے بولیویا کو 2-1 سے مات دے دی۔

فاتح ٹیم کیلیے کون اور کیٹسورنیاس نے گول اسکورکیے جبکہ حریف ٹیم کا واحد گول کارڈوزو نے بنایا، فلاڈیلفیا میں کوسٹا ریکار اورآئرلینڈ کا مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا، آئرلینڈ نے ڈوئل کے گول کی بدولت برتری لی، جس کا خاتمہ کوسٹا ریکاس نے بورگز کے پنالٹی پر بنائے گئے گول سے کردیا، دیگر میچز میں فلوریڈا پر جاپان نے زیمبیا پر4-3 سے قابو کرلیا، ہونڈا نے 2 جبکہ شنجی کاگوا اور اوکوبو نے ایک ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، افریقی ٹیم کیلیے کیٹانگو، سینکالا اور موسوندا نے گول بنائے، ساؤ پاؤلو میں میزبان برازیل نے سربیا کیخلاف 1-0 سے کامیابی حاصل کرلی، فیصلہ کن گول فریڈ نے بنایا، میساچوسٹس میں پرتگال نے میکسیکو کو 1-0 سے اپنا شکار بنالیا، واحد گول کھیل کے اختتامی لمحات میں ایلوس نے بنایا۔